ایشیاءکپ شیڈول جاری کرنے پر کوئی ای میل یا فون نہیں آیا، نجم سیٹھی
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے پاکستان کو ایشیاءکپ کے شیڈول کے حوالے سے آگاہ نہیں کیا گیا۔
بھارتی صحافی وکرانت گپتا کو دیئے گئے انٹرویو میں مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے سربراہ اور سیکریٹری بی سی سی آئی جے شاہ چاہتے ہیں کہ پاکستان بھارت آکر ورلڈکپ کھیلے لیکن بھارت ایشاءکپ کیلئے پاکستان نہیں آئے گا، یہ کوئی اصول نہیں۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ آپ کہتے ہیں کہ بھارتی کرکٹ بورڈ ایک آزاد ادارہے لیکن پھر بھی اس قسم کی سیاست ناقابلِ قبول ہے، انہوں نے کہا کہ جے شاہ سے کوئی بات نہیں ہوئی، البتہ سی ای او فیصل حسنین نے ان سے ملاقات کیلئے ای میل کی لیکن وہاں سے کوئی جواب نہیں آیا۔
انٹرویو میں مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ اے سی سی کے صدر اور سیکریٹری بی سی سی آئی کی جانب سے کیلنڈر ایئر اور ایشیاءکپ کا شیڈول جاری کرنے پر کوئی ای میل یا فون نہیں آیا۔
ایشیاءکپ کی میزبانی سے متعلق کیے گئے سوال پر نجم سیٹھی نے کہا کہ چاہتے ہیں ٹورنامنٹ میں پاکستان میں ہو اور بھارت آئے لیکن پہلے سے یہ موقف اپنانا ہم پاکستان نہیں آئیں گے، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور انگلینڈ سمیت دیگر ٹیمیں پاکستان آچکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے سیاسی تعلقات صحیح نہیں لیکن اسکا مطلب یہ نہیں بِلا جواز بہانے بنائے جائیں، سال 2011ء کے ورلڈکپ میں پاکستان کو بھارت میں سیکیورٹی ایشوز تھے لیکن ہم آئے۔
صحافی نے سوال کیا کہ ایشیاءکپ اگر نیوٹرل وینیو پر ہوتا ہے تو کیا پاکستان ورلڈکپ کیلئے بھارت آئے گا؟، جس پر نجم سیٹھی جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت فیصلہ کرے گی اگر ہاں کہا تو آئیں گے ورنہ نہیں۔