وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک کی سکیورٹی صورتحال پر جائزہ اجلاس
اسلام آباد، وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں سکیورٹی صورتحال پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیر داخلہ اور سیکرٹری داخلہ بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں چاروں صوبوں کے آئی جیز اور چیف سیکرٹریز نے حالیہ دہشتگردی کے واقعات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی، اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ دہشتگردی اور شرپسند عناصر کسی قیمت پاکستانی عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم وطنِ عزیز کی حفاظت کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، حالیہ دہشتگردی کی لہر کے تدارک کیلئے تمام وفاقی و صوبائی ادارے اپنے مابین تعاون بڑھائیں، وزیرِ اعظم نے وزیرِ داخلہ، سیکرٹری داخلہ اور نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا کو صوبوں سے تفصیلی مشاورت کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جامع لائحہ عمل مرتب کر کے پیش کریں، صوبائی اپیکس کمیٹیاں اپنے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کریں، اداروں کے تعاون سے دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔