امریکہ، چھ سالہ بچے کی فائرنگ سے استاد زخمی ، ہسپتال منتقل
نیویارک ،امریکی ریاست ورجینیا میں استاد کو فائرنگ سے زخمی کرنے والے چھ سالہ بچے کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جمعہ کے روز نیوپورٹ نیوز کے رچنک ایلیمنٹری سکول میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں ایک چھ سالہ بچے نے اپنے استاد کو فائرنگ سے زخمی کر دیا، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بچے کو حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس افسران کے مطابق فائرنگ کا واقعہ پہلی جماعت کے کلاس روم میں دو بچوں کے درمیان جھگڑے کے بعد پیش آیا، بچے نے بندوق کہاں سے حاصل کی اس بارے ابھی تحقیقات جاری ہیں تاہم یہ واقعہ حادثاتی نہیں تھا۔پولیس نے واقعے میں استعمال ہونے والے ہتھیار کا نام بتانے سے انکار کیا تاہم یہ کہا کہ لڑکے نے ہینڈ گن استعمال کی تھی۔دوسری جانب فائرنگ سے زخمی ہونے والے 30 سالہ استاد جس کے نام کی شناخت نہیں کی گئی ، کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔