میکسیکو میں منشیات اسمگلر کا بیٹا گرفتار،3 سیکیورٹی اہلکار سمیت 29 ہلاک
میکسیکو سٹی، میکسیکو میں پولیس نے بدنام زمانہ منشیات کے عالمی اسمگلر ایل چاپو کے جانشین بیٹے اوویڈیو گوزمین لوپیز کو گرفتار کر لیا جس پر گینگ کے ارکان نے ہنگامہ آرائی کے دوران 3 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 29 افراد کو قتل کردیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق میکسیکو میں منشیات اسمگلنگ کی دنیا کے بدنام زمانہ ڈیلر اور گینگ سربراہ ایل چاپو المعروف ’’گاڈ فادر‘‘ کو جیل سے تین بار فرار ہونے کے بعد 2016 میں گرفتار کرکے امریکا بھیج دیا گیا تھا۔باپ کی گرفتاری کے بعد ان کے بیٹے 32 سالہ اوویڈیو گوزمین جو جرائم کی دنیا میں ’دی ماؤس‘ کے نام سے جانا جاتا ہے نے باپ کا کام سنبھالا تاہم 2019ء میں گرفتار ہوگیا لیکن گرفتاری پر ہونے والی ہنگامہ آرائی اور معصوم لوگوں کی ہلاکت کے باعث اسے رہا کردیا گیا تھا۔
اوویڈیو گوزمین پر مخبروں، مخالف گینگ کے کارندوں اور ایک معروف گلوکار کے قتل کا الزام بھی ہے جس نے اس کی شادی میں گانا گانے سے منع کردیا تھا۔ ان کے علاوہ وہ منشیات اسمگلنگ کے کئی کیسز میں مطلوب ہے۔2019ء میں رہائی کے بعد بھی اوویڈیو گوزمین کی سرگرمیان نہ رکیں تو ایک بار پھر پولیس نے گھیرا تنگ کیا اور 6 مہینے کی انٹیلی جنس آپریشن کے بعد اس کے ٹھکانے تک پہنچ گئی جہاں گھمسان کی لڑائی ہوئی۔
پولیس اور گینگسٹر کے درمیان اس جھڑپ میں ایک اہلکار ہلاک اور 21 زخمی ہوئے۔ کامیاب کارروائی میں اوویڈیو گوزمین کو حراست میں لے لیا گیا جب کہ کئی کارندے بھی مارے گئے۔
اوویڈیو گوزمین کی گرفتاری کی خبر جیسے ہی سینالوا صوبے میں گینگسٹرز تک پہنچی، انھوں نے تشدد کا بازار گرم کردیا، ایک ہوائی اڈے پر بھی حملہ کیا گیا اور رن وے پر پرواز بھرنے اور اترنے والے طیاروں کے مسافروں پر گولیاں برسائی گئیں۔
ان پرتشدد ہنگاموں میں اب تک 3 سیکیورٹی اہلکار سمیت 29 شہری مارے گئے جبکہ درجنوں گاڑیاں بھی نذر آتش کردی گئیں۔