امریکا میں فضائی ٹریفک نظام درہم برہم،ہزاروں پروازیں متاثر
امریکا میں فضائی ٹریفک نظام درہم برہم،ہزاروں پروازیں متاثر،پری مارکیٹ ٹریڈنگ میں امریکا کی فضائی کمپنیوں کے حصص گرگئے
امریکا کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کی سسٹم میں خرابی کے باعث فضائی ٹریفک درہم برہم ہوگئی ہے۔
العربیہ نیوز کے مطابق وفاقی فضائی انتظامیہ کے کمپیوٹرسسٹم میں خرابی سے ہزاروں پروازیں متاثرہوئی ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سکریٹری کیرین جین پیری نے ٹویٹر پر بتایا کہ امریکی صدر جو بائیڈن کو ایف اے اے سسٹم کی بندش کے بارے میں بریفنگ دی گئی ہے۔انھوں نے کہاکہ فی الوقت سائبرحملے کا کوئی ثبوت نہیں ملا لیکن صدر نے تحقیقات پرزوردیاہے۔
ایف اے اے نے قبل ازیں بتایا تھا کہ وہ اپنے ایک ایسے نظام کو بحال کرنے کے لیے کام کر رہا ہے جو پائلٹوں کو خطرات اور ہوائی اڈے کی سہولیات اور طریقہ کار میں تبدیلیوں سے آگاہ کرتا ہے۔اس نظام نے تازہ ترین معلومات کی فراہمی پرعملدرآمد روک دیا تھا۔سسٹم کی بندش کو ٹھیک کرنے کی کوشش کے بعدامریکی پروازیں آہستہ آہستہ دوبارہ بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں۔ ایف اے اے نے اس سے قبل ایئرلائنز کو حکم دیا تھا کہ وہ اندرون ملک روانہ ہونے والی تمام پروازیں روک دیں کیونکہ اس کے پائلٹ نے نوٹس ٹوایئرمشنز سسٹم کو الرٹ کیا تھا۔
ایف اے اے نے کہاکہ نیوآرک اوراٹلانٹا ہوائی اڈوں سے فضائی ٹریفک کے رش کے بعد پروازوں کی روانگی دوبارہ شروع ہورہی ہے۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ دیگر ہوائی اڈوں پر صبح 9 بجے ای ٹی پر روانگی دوبارہ شروع ہوجائے گی۔
ایف اے اے اب بھی خرابی کے بعد نوٹس ٹوایئرمشن (نوٹم) سسٹم کو مکمل طور پر بحال کرنے کے لیے کام کررہا ہے۔ اگرچہ اس نظام کے کچھ افعال بحال ہوگئے ہیں، لیکن قومی فضائی حدود کے نظام کی سرگرمیاں محدود ہیں۔
پروازوں کا سراغ لگانے والی ویب سائٹ فلائٹ اویئر نے وجوہ کا حوالہ دیے بغیر بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق بدھ کی صبح 8 بج کر7 منٹ تک امریکا کے اندر یا باہر کل 32,578 پروازیں تاخیرکا شکار ہوئی تھیں۔ملک کے اندریا باہر مزید 409 پروازوں کومنسوخ کردیا گیا۔
دریں اثناء بدھ کے روز پری مارکیٹ ٹریڈنگ میں امریکاکی فضائی کمپنیوں کے حصص گر گئے ہیں۔ ساؤتھ ویسٹ ایئرلائنزکے 2.4 فی صد جبکہ ڈیلٹا ایئر لائنز انکارپوریٹڈ، یونائیٹڈ ایئر لائنز اور امریکن ایئرلائنز کے حصص میں قریباً1 فی صد کمی ریکارڈ کی گئی۔
واضح رہے کہ نوٹم ایک نوٹس ہے جس میں فلائٹ آپریشنز سے متعلق اہلکاروں کے لیے ضروری معلومات شامل ہوتی ہیں۔طویل فاصلے پر بین الاقوامی پروازوں کے لیے معلومات 200 صفحات تک جا سکتی ہے اور اس میں رن وے کی بندش ، پرندوں کے خطرے کے انتباہات اور تعمیراتی رکاوٹوں جیسی اشیاء شامل ہوسکتی ہیں