تیل کے شعبے میں 1ارب ڈالر کے معاہدے پرجلد دستخط ہوں گے، سعودی سفیر
سعودی عرب پاکستان کی اقتصادی و مالی مدد کیلئے بھرپور سرمایہ کاری تیل کے شعبے میں 1ارب ڈالر کے معاہدے پر آمادہ، سعودی سفیر نواف سعید المالکی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تیل کے شعبے میں ایک ارب ڈالر سے زائد کے معاہدے پر جلد دستخط ہوں گے۔
سعودی عرب ہمیشہ کی طرح مشکل وقت میں پاکستان کے شانہ بشانہ ہے، ریزیلیئنٹ پاکستان کانفرنس کی کامیابی اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے دورہ سعودی عرب کے ثمرات سامنے آرہے ہیں، کیوں کہ سعودی عرب نے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری،اقتصادی اور مالی مدد کیلئے بھرپور آمادگی کا اظہار کیا ہے۔
اس حوالہ سے سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے سعودی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مثالی قرار دیا، اور کہا کہ سعودی حکومت نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا اور اقتصادی ومالی مدد کی۔
سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ 1947ء میں جب پاکستان وجود میں آیا تو سعودی عرب نے ان ممالک میں شامل تھا جس نے پاکستان کو تسلیم کیا اور مدد فراہم کی۔ خادم الحرمین الشریفین سلمان بن عبدالعزیز سے لے کر ولی عہد محمد بن سلمان تک سعودی حکومت نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا اور اقتصادی اور مالی مدد فراہم کی۔
سعودی سفیر نواف سعید المالکی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تیل کے شعبے میں ایک ارب ڈالر سے زائد کے معاہدے پر جلد دستخط ہوں گے، تیل کے شعبے میں معاہدے جیسے اقدامات دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تذویراتی شراکت داری کی عکاسی کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں سعودی عرب نے پاکستان میں ڈیپازٹ 5 ارب ڈالر اور سرمایہ کاری دس ارب ڈالر تک بڑھانے کا عندیہ دیا تھا۔ جب کہ جنیوا کانفرنس میں بھی سعودی عرب نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ایک ارب ڈالر دینے کا اعلان کیا۔