وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک تیر سے 2 شکار کئے، بلاول بھٹو زرداری
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک تیر سے 2 شکار کئے۔
وزیر اعظم اور دیگر وفاقی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دنیا کورونا کی وجہ سے معاشی بحران میں ہے، اتحادی حکومت نےجو محنت کی اس کا پھل ملتا نظر آرہا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیر اعظم نے سیلاب متاثرین کی مدد کا ٹاسک پورا کیا انہوں نے اس پریس کانفرنس کے ذریعے ایک تیر سے 2 شکار کیے۔ 16 ارب ڈالرز کی مدد کوئی مذاق نہیں، ہم نےدنیا کو کہا کہ 50 فیصد نقصان پاکستان اٹھائے گا، ہم نے یورپی یونین کو ناراض کیا لیکن وہ بھی مدد کو آیا ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی معیشت پر غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، سیاسی فائدےکے لئےمعیشت کو نقصان پہنچانے والوں کو جواب دیا گیا، شہباز شریف نے پاکستان کے مخالفین کو منہ توڑ جواب دیا، ہم نے یہ تاثر ختم کردیا پاکستان دنیا میں تنہا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کہا جاتا ہے کہ حضرت نوح علیہ اسلام کے وقت میں 40 دن اور 40 راتیں مسلسل بارش ہوئی، رواں برس ملک میں مون سون سیزن جون سے اگست تک چلتا رہا پھر ستمبر میں ایک اور اسپیل آگیا۔ بارش کا پانی جمع ہوا، اس سے 100 کلو میٹر طویل جھیل نے ملک کو دو حصوں میں بانٹ دیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ عام سیلاب یا مون سون نہیں تھا، یہ قیامت سے پہلے قیامت تھی، ہم توبہ کرتے ہیں کہ پاکستان کو اب کبھی یہ صورت حال نہ دیکھنی پڑے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ اگلے مون سون سیزن تک یہ سوچنا کہ ہم ناصرف عمومی بارشوں بلکہ گزشتہ مون سون جیسی بارشوں کا بھی مقابلہ کرلیں ٹھیک نہیں، میں سمجھتا ہوں کہ لوگوں کو اس بحران کا احساس ہونا چاہیے، کیونکہ جب ہم اس کی سنگینی کو سمجھیں گے تب ہی اس کا حل نکال سکیں گے۔