پی ٹی آئی کے لوگ ہمارے ساتھ آنا چاہتے ہیں لیکن عدالتی فیصلہ آڑے آرہا ہے، رانا ثنااللہ
لاہور:عمران خان ایک فتنہ فساد اور پاکستانی سیاست میں ناسور ہے،پی ٹی آئی کے لوگ ہمارے ساتھ آنا چاہتے ہیں لیکن عدالتی فیصلہ آڑے آرہا ہے، وزیرداخلہ رانا ثنااللہ
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ20 دن کے ریلیف میں پنجاب حکومت نے دو ارب روپے فی دن کے حساب سے کرپشن کی ہے۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پرویز الہی کو اعتماد کا ووٹ لینا چاہیے، چوہدری پرویز الہیٰ کے پاس 186 کے نمبرز نہیں ہیں، اسی لئے وہ اعتماد کا ووٹ نہیں لے رہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 186 کا نمبر دونوں طرف نہیں ہے، پی ٹی آئی کے بہت سے ارکان ہماری طرف آنا چاہتے ہیں، لیکن سپریم کورٹ کا فیصلہ آڑے آرہا ہے، اب وہ لوگ پرویزالہیٰ کو اعتماد کا ووٹ نہ دے کر اپنے غصے کا اظہار کریں گے، ہم 180 تک ووٹ لے سکتے ہیں اور قانون کے مطابق جس کے ووٹ زیادہ ہوں گے وہ حکومت بنا سکتا ہے۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ پرویز الہیٰ نے 20 دن کے ریلیف میں دو ارب فی دن کے حساب سے کرپشن کی ہے غریب آدمی آٹا لینے کے لیے رُل گیا ہے، لوٹ مار کا بازار گرم ہے اس کو ختم ہونا چاہیے۔وزیرداخلہ نے کہا کہ عمران خان ایک فتنہ فساد اور پاکستانی سیاست میں ناسور ہے، اس نے لوگوں کو بدتمیزی اور غلط حرکات سکھائی ہیں، گزشتہ روز میری گاڑی پر بھی ایک شخص نے جوتا پھینکا، جب تفتیش ہوئی تو پتہ چلا کہ وہ بھی اسی فتنے کا شکار ہوکر گمراہ ہوا تھا۔