ملک بھر میں بارش اور برفباری ، سردی کی شدت برقرار
لاہور : ملک بھر میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، ملک کے مختلف حصوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے کہیں سرد ہوائیں ، کہیں برفباری تو کہیں دھند کا راج برقرار ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ شمال مشرقی پنجاب ، بالائی خیبر پختونخوا ، اسلام آباد اور خطۂ پوٹھوہار میں آج بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ پنجاب ،خیبر پختونخوا کے میدانی علا قوں اوربالائی سندھ میں شدید دھند رہنے کا کا امکان ہے ، سردی کی شدت میں اضافے سے آمدورفت کا نظام شدید متاثر ہے، کئی مقامات پر رابطہ سڑکیں بلاک اور موٹرویز بند کر دی گئی ہیں۔
وادی سوات میں مالم جبہ اور کالام میں برف باری جاری ہے، کاغان کے تفریحی مقامات شوگران، کاغان اور ناران میں ڈیڑھ فٹ تک برف پڑنے سے انتظامیہ نے کاغان سے آگے سیاحوں کا داخلہ بند کردیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مالم جبہ 16 ، کالام اورمری میں 05 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ کم سےکم درجہ حرارت زیارت منفی 12، لہہ منفی10، قلات منفی 08، گوپس میں منفی 07 سینٹی گریڈ، ہنزہ منفی 04 اور مری میں منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ بلوچستان کے شمالی علاقوں میں برف باری تھمنے کے بعد شدید سردی کی لہر برقرار ہے، 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی سائبیرین اور برفیلی ہواؤں کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں ۔
دوسری جانب لاہور میں ہلکی بارش ہوئی جبکہ اسلام آباد میں مطلع ابر آلود ہے جبکہ کراچی میں تیزیخ بستہ ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں۔