پنجاب اسمبلی آج رات تحلیل ہونے کا امکان
لاہور :گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کا کہنا ہے کہ مجھے دو دن میں اسمبلی کی تحلیل کا فیصلہ کرنا ہے، اور 90 دن میں الیکشن کی تاریخ بھی دینا ہوگی۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات مجھے اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری موصول ہوگئی تھی، مجھے 2 دن کے اندر اسمبلی کی تحلیل کا فیصلہ کرنا ہے، وزیراعلیٰ کی جانب سے بھجوائی گئی سمری منظور کرتے ہی پنجاب اسمبلی تحلیل ہو جائے گی۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ سب چیزیں دیکھ کرفیصلہ کرنا ہے، جمہوری فرد کے لیے ایوان کو توڑنا مشکل کام ہے، آئندہ کے لئے صوبائی نگران سیٹ اپ پر اپوزیشن لیڈر اور وزیر اعلی کو مشاورت کرنی ہے 90 دن میں الیکشن کی تاریخ بھی دینا ہوگی۔
بلیغ الرحمان کا کہنا تھا کہ 90 دن میں انتخابات کے حوالے سے دیکھا جائے تو انتخابات رمضان المبارک کے درمیان آرہے ہیں، رمضان المبارک میں ہماری روٹین مشکل ہوتی ہے، تو ان چیزوں کو بھی دیکھنا ہوگا۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے بھجوائی گئی اسمبلی تحلیل کی سمری گورنر پنجاب کی جانب سے آج شام تک منظور کرلی جائے گی۔ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ پنجاب حکومت آج رات مکمل تحلیل ہو جائے گی، اور پرویز الہی کے نگران وزیراعلی کا نوٹیفیکشن جاری ہو گا، گورنر پنجاب پنجاب اسمبلی کی تحلیل کا گزٹ نوٹیفیکشن جاری کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سمری منظور کرنے اور نگران سیٹ اپ کے حوالے سے گورنرپنجاب بلیغ الرحمان نے قانونی ماہرین سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعلی پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری سے سرکاری سطح پر وزیر اعلی پنجاب کی سمری کی تصدیق کروائی گئی ہے، وزیراعلی کی سمری گزشتہ رات ساڑھے 10 بجے گورنر پنجاب کو پیش کی گئی۔