جبل نور، غار ثور اور غار حرا کو جلد زائرین کے لیے کھول دیا جائے گا
ریاض: سعودی عرب نے کہا ہے کہ جبل نور، غار ثور اور غار حرا کو جلد زائرین کے لیے کھول دیا جائے گا۔
ہیریٹیج اتھارٹی کے مشیر اور سعودی ضیوف الرحمٰن پروگرم کی خدمت کے اقدامات کے جنرل نگران عبدالرحمن بن جصاص نے کہا کہ غار ثور، جبل النور اور غار حرا کو ضروری اقدامات مکمل کرنے کے بعد جلد زائرین کے لیے کھول دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دیگر تاریخی مقامات کے لیے بھی ڈیزائن طلب کر لیے گئے ہیں ۔ان مقامات کو بھی زائرین کے لیے تیار کیا جائے گا۔ حدیبیہ امن معاہدہ، مسجد بیعہ اور بئر طویٰ کو بھی نئے انداز سے تیار کیا جائے گا۔ تقریبا 7500 سے زائد مقامات کا سروے مکمل ہو چکا ہے جن میں زیادہ تر شہری علاقوں میں ہیں۔ سعودی عرب اور اقوام متحدہ کی تعلیمی و ثقافتی علوم کی تنظیم ’’یونیسکو‘‘ نے 12 غیر محسوس ورثہ کے علاقوں کو رجسٹرڈ کیا ہے۔
عرفات کے علاقے میں ایسے تاریخی مقامات ہیں جو مستقل نمائش کے لیے موزوں ہیں۔ حج کے موقع پر ہرسال حجاج کی بہت بڑی تعداد عرفات آتی ہے۔