سینے میں دفن راز بتادوں تو والد اور بھائی معاف نہیں کریں گے،شہزادہ ہیری
لندن: برطانوی شہزادے ہیری نے اپنی خودنوشت سے نقصان دہ مواد نکالنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اگر سینے میں دفن تمام راز بتادوں تو میرے والد اور میرا بھائی مجھے کبھی معاف نہیں کریں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کے شہزادے ہیری نے کہا ہے کہ اپنی کتاب ’اسپیئر‘ میں اپنے شاہی خاندان سے متعلق بہت سی باتوں کو طشت ازبام نہیں کیا بلکہ کتاب کا پہلا مسودہ 800 صفحات پر مشتمل تھا جسے 400 تک کم کیا۔
برطانوی شہزادے نے کہا کہ سینے میں اتنے راز ہیں اگر بیان کروں تو ایک اور کتاب لکھی جا سکتی ہے لیکن اس پر میرے خاندان بالخصوص والد شاہ چارلس سوم اور بھائی شہزادہ ولیم مجھے کبھی معاف نہیں کریں گے۔
برطانوی شہزادے ہیری جو میگھن مارکل سے شادی کے بعد شاہی اعزاز ترک کرکے ایک عام زندگی گزار رہے ہیں نے کہا کہ بھائی شہزادہ ولیم اور والد شاہ چارلس کے ساتھ کچھ ایسے واقعات پیش آئے جسے دنیا کے سامنے لانا نہیں چاہتا۔
شہزادہ ہیری جن کی کتاب کے 14 لاکھ نسخے پہلے ہی روز فروخت ہوگئے تھے نے اپنی کتاب میں افغان جنگ میں بطور پائلٹ حصہ لینے، والد کے ساتھ تعلقات اور بھائی سے اختلافات سمیت اہم انکشافات کیے ہیں۔
تاہم شہزادہ ہیری کا کہنا تھا کہ کھلے عام اپنی شکایات کے اظہار کا مقصد شاہی خاندان کو نقصان پہنچانا نہیں بلکہ ان کی اصلاح ہے تاکہ شہزادہ ولیم کے بچوں کو محفوظ کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ شہزادہ ہیری کی کتاب میں ہونے والے انکشافات پر شاہی خاندان نے اب تک کوئی بیان جاری نہیں کیا تاہم شاہ چارلس سوم کی تقریب تاج پوشی میں شہزادہ ہیری کو مدعو نہ کیے جانے کا امکان ہے۔