ایپٹما کی امریکا سے نرم شرائط پر قرض فراہم کرنے کی درخواست
ایپٹما کی امریکا سے نرم شرائط پر قرض فراہم کرنے کی درخواست قرض سے لاکھوں لوگوں کا روزگار بچے گا، ایپٹما کا امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کے نام خط
آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن نے امریکا سے نرم شرائط پر قرض فراہم کرنے کی درخواست کردی۔
آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (ایپٹما) نے پاکستان میں امریکی سفیر دونلڈ بلوم کو خط لکھا ہے جس میں نرم شرائط پر قرض فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
ایپٹما نے اپنے خط میں کہا ہے کہ گزشتہ موسن سون سیزن کے دوران بارشوں اور سیلاب سے ٹیکسٹائل صنعت بری طرح متاثر ہوئی، پاکستان کو 30 ارب ڈالر سے زیادہ کا معاشی نقصان ہوا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں کپاس کی پیداوار تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، سیلاب اور بارشوں سے صرف کپاس کی فصل کو 2 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، کپاس کی پیداوار کم ہونے سے ٹیکسٹائل سیکٹر کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ایپٹما نے کہا ہے کہ رواں سیزن پاکستان کو ایک کروڑ بیلز امپورٹ کرنے کی ضرورت ہے، معاشی مسائل کے باعث ایل سیز نہ کھولے جانے کی وجہ سے ٹیکسٹائل ملز مالکان کو کپاس کی درآمد میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ڈونلڈ بلوم کو خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو کپاس کی درآمد کیلئے 2 ارب ڈالر قرض دیا جائے، امریکی قرض سے لاکھوں لوگوں کا روزگار بچے گا اور قرض سے پاکستان کے ادائیگیوں کے توازن میں بہتری آئے گی۔