بلدیاتی انتخابات کے دوران آئی جی سندھ کا امن وامان کی صورتحال پر اطمینان کااظہار
کراچی: آئی جی سندھ ، چیف سیکرٹری اور ڈی جی رینجرز نے بلدیاتی انتخابات کے دوران امن وامان کی صورتحال کو بہتر قرار دے دیا ۔
چیف سیکرٹری اورآئی جی سندھ نے کراچی کے مختلف علاقوں میں قائم پولنگ سٹیشنوں کا دورہ کیا اور اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں چیف سیکرٹری سہیل راجپوت کا کہنا تھا کہ پولنگ میٹریل کی ترسیل رات کو ہی مکمل کرلی گئی تھی، آج وقت پرپولنگ کا عمل شروع ہوا لیکن ایک دو جگہ پر تاخیر ہوئی ، کہیں بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، جہاں شکایات ہوں گی وہاں جائیں گے۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن عمرحمید خان نے بھی مختلف پولنگ سٹیشنزکا دورہ کیا ، چیف سیکرٹری سندھ ، آئی جی سندھ ، صوبائی الیکشن کمشنربھی عمرحمید خان کے ساتھ موجود تھے ، سیکرٹری الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشنزکے انتظامات پراطمینان کااظہارکیا ۔
بلدیاتی انتخابات میں صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ڈی جی رینجرز (سندھ) نے ڈی آئی جی ساؤتھ آفس میں قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا ، ڈی جی رینجرز (سندھ) کو سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی گئی اس موقع پر کنٹرول روم میں پولیس افسران بھی موجود تھے ، پاکستان رینجرزسندھ نے 700کوئیک رسپانس فورس مختلف علاقوں میں تعینات کی ہے ۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سی پی او پہنچے ، وزیراعلیٰ سندھ نےسی پی او آفس میں کنٹرول روم کا معائنہ کیا، وزیراعلیٰ سندھ نے پرامن پولنگ پراطمینان کا اظہار کیا ، وزیراعلیٰ سندھ نےکنٹرول روم میں پولنگ اسٹیشنزپرجاری بلدیاتی انتخابات کےعمل کی نگرانی کی ۔
دوسری جانب ترجمان پولیس سندھ نے سہراب گوٹھ پولنگ اسٹیشن پرکشیدگی کی خبروں کی بھی تردید کی ہے ، ترجمان کا کہنا تھا کہ ٹنڈو الہٰ یاربکھیراشریف میں امیدواروں کےجھگڑے کی خبر درست نہیں جبکہ سہراب گوٹھ پولنگ اسٹیشن پرکشیدگی کی خبرصداقت پرمبنی نہیں ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں بلدیاتی الیکشن کیلئے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی، مجموعی طور پر تقریباً 80 لاکھ سے زائد شہری ووٹ کا حق استعمال کریں گے۔