فرانس خیال خوڑ پاور پراجیکٹ کیلئے 120 ملین یورو قرضہ دے گا
اسلام آباد: فرانس خیال خوڑ 128 میگا واٹ پاورپراجیکٹ کیلئے 120 ملین یورو کا قرضہ فراہم کرے گا، اس ضمن میں پاکستان اورفرانس کے درمیان معاہدے پردستخط ہوگئے۔
سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن ڈاکٹر کاظم نیاز اور فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی (اے ایف ڈی) کے کنٹری ڈائریکٹر فلپ سٹین میٹز نے معاہدے پر دستخط کئے، نرم شرائط پر یہ قرضہ خیبرپختونخوا کے علاقہ پٹن میں 128 میگاواٹ پیداوارکے حامل خیال خوڑ پراجیکٹ کیلئے فراہم کیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر کاظم نیاز نے بتایا کہ اس منصوبہ سے واپڈا کو پانی سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ کی کوششوں کو تقویت ملے گی، منصوبہ جنیوا میں حال ہی میں کلائمٹ ریزیلئینٹ پاکستان کانفرنس میں ملک میں صاف اور ماحول دوست توانائی کی فراہمی اور ماحول کو نقصان پہنچانے والی گیسوں کے اخراج میں کمی کے عزم کی عکاسی کر رہا ہے۔
فرانسیسی ترقیاتی ادارہ ملک میں توانائی اورشہری ترقی کے شعبہ جات میں گرین انویسٹمنٹ کے ذریعہ پاکستان کو مالی اور تکنیکی معاونت فراہم کر رہا ہے، سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نے پاکستان کو مالی معاونت فراہم کرنے پر فرانس کی حکومت اور فرانسیسی ترقیاتی ادارہ کا شکریہ ادا کیا۔