پرویز الہٰی کی جانب سے گورنر پنجاب کو نگراں وزیراعلیٰ کیلیے تین نام موصول
لاہور: گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے تصدیق کی ہے کہ مجھے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کی طرف سے نگراں وزیراعلیٰ کے لیے تین نام موصول ہوگئے ہیں۔
گورنر پنجاب نے بتایا کہ میں یہ نام قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو بھیج رہا ہوں اور میں چاہوں گا کہ دونوں لیڈرز مقررہ وقت پر کسی ایک نام پر متفق ہو جائیں۔
واضح رہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے نگراں وزیرِ اعلیٰ کے لیے گورنر کو 3 نام بھجوائے تھے جس میں احمد نواز سکھیرا، ناصر محمود کھوسہ اور محمد نصیر خان کے نام تجویز کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب، پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ کے معاملے پر غور کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) نے بھی مشاورتی اجلاس طلب کرلیا ہے۔ ن لیگ کی اعلی قیادت کی جانب سے طلب کیا گیا مشاورتی اجلاس ماڈل ٹاؤن میں وزیراعظم شہباز شریف کی رہائش گاہ پر ہوگا۔مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ احسن اقبال اور اسحاق ڈار سمیت ن لیگ کے دیگر رہنما اجلاس میں شرکت کے لیے ماڈل ٹاؤن پہنچ گئے۔