امریکا نے یوکرین کیلئے مزید 2.5 ارب ڈالرز کی فوجی امداد کا اعلان کردیا
واشنگٹن : امریکا کی جانب سے یوکرین کیلئے ائیر ڈیفنس اور آرمرڈ وہیکلز کی صورت میں مزید 2.5 ارب ڈالرز کی فوجی امداد کا اعلان کیا گیا ہے ۔
امریکی وزارت دفاع نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے یوکرین کیلئے 90 اسٹرائیکر آرمرڈ پرسنل کیریئرز اور 59 براڈلی فائٹنگ وہیکلز فراہم کی جائینگی ۔
روس کی جانب سے یوکرین پر جاری حملوں کے بعد اس حالیہ امدادی پیکیج میں ہائی موبیلٹی آرٹیلری راکٹ سسٹم (HIMARS) کیلئے مزید بارود، 8 اوینجر ائیر ڈیفنس سسٹم، 10 ہزار آرٹلری راؤنڈز اور 2 ہزار اینٹی آرمر راکٹ فراہم کیے جائیں گے۔
امریکی وزارت دفاع کے مطابق گزشتہ برس فروری میں روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے بعد اب تک امریکا کی جانب سے یوکرین کو فوجی امداد کی مد میں 27.4 ارب ڈالرز امداد دی جاچکی ہے۔
خیال رہے کہ یوکرین اپنے اتحادیوں سے کئی مرتبہ مغربی ٹینک، طیارے اور طویل فاصلے تک نشانہ بنانے والے ہتھیار فراہم کرنے کا مطالبہ کرچکا ہے ۔
کچھ روز قبل روس نے جنگ کے دوران کئی ماہ کی ناکامیوں کے بعد مشرقی یوکرین میں نمک کی کان کنی والے شہر سولیدار پر قبضے کا دعویٰ کیا تھا جس میں دونوں ممالک کو کافی نقصان اٹھانا پڑا تھا ، جس کے بعد یوکرین نے اپنے اتحادیوں سے مزید ہتھیاروں کا مطالبہ کیا تھا ۔واضح رہے کہ گزشتہ برس 24 فروری کو روسی صدر پوتن نے یوکرین پر حملے کا حکم دیا تھا۔