فلسطینی صدر محمود عباس سے امریکی مشیر قومی سلامتی کی ملاقات
بیت المقدس :فلسطین کے صدر محمود عباس سے امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے ملاقات کی ہے جس کے دوران محمود عباس کی جانب سے یروشلم میں امریکی قونصل خانے کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطینی صدر نے جیک سلیوان سے ملاقات کے دوران امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ اسرائیلی حکومت کو فلسطینیوں کے خلاف بڑھتے ہوئے اقدامات کے لیے دباؤ ڈالنے سے روکے۔
فلسطینی صدر کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ محمود عباس نے سلیوان کو بتایا کہ اسرائیلی اتحاد کی نئی پالیسیاں خطے میں امن اور استحکام کے حصول کے باقی ماندہ امکانات کو تباہ کر رہی ہیں، امریکہ مداخلت کرے اس سے پہلے کہ ان یکطرفہ اقدامات کو روکنے میں بہت دیر ہو جائے۔عباس نے سلیوان پر زور دیا کہ امریکہ اسرائیل پر روزانہ قتل اور فلسطینی شہروں اور قصبوں میں دراندازی کو روکنے کے لیے دباؤ ڈالے۔
عباس نے سلیوان سے یروشلم میں امریکی قونصل خانے کو بحال کرنے کا بھی مطالبہ کیا جو مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے ساتھ امریکی تعلقات کی نگرانی کرتا ہے۔
علاوہ ازیں امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر نے جمعرات کے روز اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے بھی ملاقات کی۔