لندن ، بسوں اور ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ
لندن : لندن میں کونسل ٹیکس نافذ ، بسوں اور ٹرینوں کے کرایوں میں تقریبا 6 فیصد ریکارڈ اضافہ کیاگیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن کے میئر صادق خان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حکومت کے مطلوبہ فنڈ نہ دینے سے یہ اضافہ کرنا پڑا ہے ۔کرایوں میں اضافے کے بعد زون 1 کے مصروف اوقات میں ٹیوب کرایوں میں 12فیصد جبکہ آف پیک کیلئے ٹیوب کرایوں میں 20 فیصد اضافہ کیا گیا ہے ۔
علاوہ ازیں ڈے ٹریول کارڈ میں زون 1-6 تک 4 پاؤنڈ کا اضافہ کیا گیا ہے، زون 1-4 کیلئے ٹیوب کرایوں میں 70 پینس اضافہ ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ہفت روزہ پاس کی قیمت میں 1.40 پاؤنڈ اضافہ ہوا ہے، جبکہ لندن کے ہر گھر کے کونسل ٹیکس میں 9.7 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔
لندن میں بینڈ ڈی کے کونسل ٹیکس میں 38.55 پاؤنڈ کا اضافہ ہوا ہے۔ سٹی ہال کا کہنا ہے کہ کم عمر اور 60 سال سے زائد افراد کیلئے مفت سفر کی سہولت کو برقرار رکھا جائے گا ۔کرایوں اور کونسل ٹیکس میں اضافے کا اطلاق یکم اپریل سے ہوگا۔