مہنگائی کا جن برطانیہ ، جاپان اور امریکا میں بھی بے قابو
لندن : مہنگائی کا جن عالمی قوتوں اور معاشی طور پر مضبوط ممالک برطانیہ، جاپان اور امریکا میں بھی بے قابو ہوگیا ہے ۔
برطانیہ میں مہنگائی کا طوفان آنے سے لندن میں بسوں اور ٹرینوں کے کرایوں میں ریکارڈ اضافہ کر دیا گیا ہے ، لندن میں ہر گھر کا کاونسل ٹیکس بھی 9.7 فیصد تک بڑھا دیا گیا ہے جس کا اطلاق یکم اپریل سے ہوگا۔
دوسری جانب جاپان میں گزشتہ ماہ مہنگائی میں 4 فیصد اضافے کے بعد ملک میں مہنگائی کا 40 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، بینک آف جاپان کے مطابق گزشتہ مہینے جاپان میں مہنگائی کی شرح گزشتہ سال کے مقابلے میں 4 فیصد تک بڑھ گئی۔
بڑھتی مہنگائی کے باعث بینک آف جاپان پر شرح سود بڑھانے کے لیے دباؤ بڑھ گیا تاہم مالی معاملات کی نگرانی کرنے والے بینک نے کہا ہے کہ وہ شرح سود صفر کے قریب ہی رکھے گا۔
اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کرنے لگیں جبکہ امریکا میں بھی مہنگائی عروج پر ہے ، دنیا بھر کے ممالک اس وقت مہنگائی کی زد میں ہیں، برطانیہ، امریکہ، جرمنی، فرانس، بنگلہ دیش سمیت کئی ممالک تیزی سے بڑھتی مہنگائی پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔