پاکستان کرکٹ ٹیم نے تاریخ میں پہلی بار ون ڈے میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی
کراچی(ویب نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم نے تاریخ میں پہلی بار ون ڈے میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی، دوسری جانب بابر اعظم نے سب سے کم اننگز میں 18 سنچریوں کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
پاکستانی کپتان بابر اعظم نے بھی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اور سنگ میل عبور کرلیا،بابر ن سب سے کم اننگز میں اٹھارہ سینچریوں کا ریکارڈ والے کھلاڑی بن گئے۔ بابر 97 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کرنے والے دنیا کےپہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کیخلاف جاری سیریز کے چوتھے ون ڈے میں 100 سے کم اننگز میں 5 ہزار رنز کرنے والے بیٹر کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا ہے۔
پاکستان آئی سی سی ونڈے رینکنگ میں پہلی بار پہلے نمبر پر آگیا.نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پانچ میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں فتح کے بعد پاکستان کے مجموعی ریٹنگ پوائنٹس 113.483 ہوگئے ہیں۔ آسٹریلیا کے ریٹنگ پوائنٹس 113.286 جبکہ بھارت کے ریٹنگ پوائنٹس 112.638 ہیں۔ پاکستان کو ملنے والی پوزیشن کو برقرار رکھنے کیلئے آخری میچ میں بھی لازمی فتح درکار ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو اہم کامیابی پر مبارکباد دی ۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ آج کا دن پاکستان کیلئے عظیم ہے۔ بابرا عظم نے بھی ریکارڈ بنا کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔