انتہا پسند اسرائیلی وزیر کے آنے پر یورپی یونین نے قومی تقریب منسوخ کردی

فائل-فوٹو
تل ابیب: یورپی یونین کے وفد نے 9 مئی کو اسرائیلی دارالحکومت میں ہونے والی یومِ یورپ کی استقبالیہ تقریب اُس وقت منسوخ کردی جب انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے اسرائیلی قومی سلامتی کے وزیر اتمار بین گویر نے تقریب میں شرکت اور تقریر کرنے کا کہا۔
مشن نے ٹویٹر پر لکھا کہ اسرائیل میں یورپی یونین کا وفد 9 مئی کو یومِ یورپ منانے کا منتظر تھا جیسا کہ ہر سال ہوتا ہے۔ تاہم افسوس کے ساتھ اس سال ہم نے سفارتی استقبال کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ہم کسی ایسے شخص کو پلیٹ فارم پر پیش نہیں کرنا چاہتے جس کے خیالات یورپی یونین کے اقدار سے متصادم ہوں۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل میں یورپی یونین کے مشن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر تل ابیب میں منعقد ہونے والی تقریب کو منسوخ کرنے کے بارے میں آگاہ کیا۔
واضح رہے کہ رُکن پارلیمنٹ اتمار بین گویر کا تعلق اوتزما یہودیت (یہودی طاقت) پارٹی سے ہے جو وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی لیکود پارٹی کے ساتھ اتحاد کے نتیجے میں دسمبر کو بطور وزیر برائے قومی سلامتی کے منتخب ہوئے تھے۔