شعیب اختر کا پہلی بار شادی اور اہلیہ سے متعلق انکشاف
سابق کرکٹر نے 2014ء میں شادی کی تھی،فائل فوٹو:
ویب ڈیسک
سابق قومی کرکٹر اور فاسٹ باولر شعیب اختر نے پہلی بار شادی اور اہلیہ پر بات کرتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ ان کی اہلیہ ان سے کافی چھوٹی ہیں۔
شعیب اختر حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر سمیت شادی پر بھی کھل کر بات کی اور بتایا کہ کس طرح انہوں نے شادی کی۔
سابق کرکٹر نے ایک سوال کے جواب میں انکشاف کیا کہ وہ جب ایف اے میں پڑھ رہے تھے تب ہی وہ کرکٹ میں آگئے، جس وجہ سے وہ ایف اے کا ایک پرچہ بھی نہیں دے سکے تھے اور تاحال وہ مذکورہ پرچہ نہیں دے سکے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی والدہ کی بہت خدمت کرتے رہے ہیں، جس وجہ سے انہوں نے جس چیز کی خواہش کی، وہ انہیں ملتی گئی۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے آج تک اپنی والدہ کی کسی بات پر انکار نہیں کیا، ان کی والدہ انہیں جو حکم دیتی ہیں، وہ سر جھکا کر اس پر عمل کرتے ہیں اور اسی وجہ سے ہی انہیں ہر چیز ملتی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ نو عمری میں وہ والدہ کے پاؤں دباتے وقت خدا سے جو دعا مانگتے تھے وہ پوری ہوجاتی تھی۔
شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر شعیب اختر نے بتایا کہ ان کی شادی ان کے والدین نے اچانک طے کی تھی اور انہیں حکم دیا گیا، جس پر انہوں نے عمل کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی ساس اور ان کی والدہ پہلی بار حج کے موقع پر سعودی عرب میں ایک دوسرے سے ملی تھیں، جہاں ان کی ساس نے ان کی والدہ کو پیرنی سمجھ کر ان کی بہت خدمت کی۔
سابق کرکٹر کے مطابق ان کی والدہ نے ان کی ساس کو بتایا کہ وہ پیرنی نہیں بلکہ شعیب اختر کی والدہ ہیں، جس وجہ سے لوگ ان سے ملنے آتے ہیں اور ان کا احترام کرتے ہیں۔
شعیب اختر کے مطابق حج سے واپسی پر والدہ نے کھانے کی دعوت پر انہیں ان کی ہونے والی اہلیہ سے ملوایا اور کہا کہ یہ ان کی دلہن ہیں۔