سکیورٹی فورسزاور دہشتگردوں میں جھڑپ، 3جوان شہید، تین دہشتگردہلاک

راولپنڈی :شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان جھڑپ میں3 جوان شہید جبکہ تین دہشتگرد مارے گئے ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان جھڑپ 9 اور 10 جون کی درمیانی شب ہوئی ، سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک جبکہ 4 زخمی ہوئے ہیں ۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے تین بہادر جوان بھی جام شہادت نوش کرگئے ، شہداء میں صوبیدار اصغر علی، سپاہی نسیم خان اور سپاہی محمد زمان شامل ہیں ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں ۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقہ میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے ، مسلح افواج دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں ، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو اورتقویت دیتی ہیں ۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں