شام میں امریکی فوج کے ہیلی کاپٹر کو خوفناک حادثہ
امریکی ہیلی کاپٹر حادثے میں 22 اہلکار زخمی ہوگئے؛ فوٹو: فائل
واشنگٹن: شام میں امریکی فوج کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا جس میں 22 امریکی فوجی زخمی ہوگئے، ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی فوج کا ایک ہیلی کاپٹر 22 اہلکاروں کو آپریشن کے بعد دور دراز علاقے میں موجود ایک جنگی چوکی سے واپس لے کر جا رہا تھا۔ اس دوران ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا۔
امریکی فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثے میں 22 امریکی فوجی زخمی ہوگئے جن میں سے 10 کی حالت نازک ہے تاہم حادثے کی نوعیت اور وجہ کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں۔ 10 شدید زخمیوں کی حالت نازک ہونے سبب انھیں ایک بڑے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ امریکا میں تقریباً 900 امریکی اہلکار تعینات ہیں، جن میں سے زیادہ تر مشرقی علاقے میں تعینات ہیں اور داعش کے خلاف جنگ میں ہراوّل دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
داعش نے 2014ء میں شام اور عراق کے ایک تہائی حصے پر اپنی حکومت کا اعلان کیا تھا تاہم ملک کے بیشتر حصوں سے ان کا قبضہ واگزار کرالیا گیا ہے تاہم اب بھی دورد دراز علاقوں میں داعش کے جنگجو موجود ہیں اور اتحادی افواج پر حملے کرتے ہیں۔