سابق عالمی چیمپئین ویسٹ انڈیزورلڈکپ کوالیفائرسے بھی باہرہوگئی

زمبابوے نے امریکا کو 304 رنز کے بڑے مارجن سے ہرا دیا، ولیمز کے174 شاندار رنز

سابق عالمی چیمپئین ویسٹ انڈیزورلڈکپ کوالیفائرسے بھی باہرہوگئی.

ورلڈکپ کوالیفائر مقابلوں میں سابق عالمی چیمپئین ویسٹ انڈیز نیدرلینڈز کے ہاتھوں شکست کے بعد پہلے ہی رائونڈ میں میگا ایونٹ سے باہر ہوگئی۔

آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ کے کوالیفائر راؤنڈ میں نیدرلینڈز نے دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن رہنے والی ٹیم ویسٹ انڈیز کو اعصاب شکن مقابلے کےبعد سپر اوور میں شکست دے دی۔

نیدر لینڈز سے میچ میں ویسٹ انڈیزنے 6 وکٹوں کے نقصان پر 374 رنز بنائے، نکولس پوران104 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے اور برینڈن کنگ 76 رنز اسکور کرنے میں کامیاب رہے، ذوالفقار نے 2 وکٹیں لیں،جواب میں ڈچ الیون نے بھی 9 وکٹوں کے نقصان پر 374 رنز بنا دیے، نیڈامینارو نے 111 اور ایڈورڈز نے 67 رنز کی اننگز کھیلی، روسٹن چیس نے 3 شکار کیے۔

سپراوور میں لوگان وان بیک کے لاٹھی چارج کی بدولت نیدرلینڈز نے کوئی وکٹ گنوائے بغیر 30 رنز اسکور کیے، حریف سائیڈ 2 وکٹوں کے نقصان پر 8 رنز بنا پائی۔

قبل ازیں زمبابوے نے گروپ میں لگاتار چوتھی فتح پالی، میزبان الیون نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹ پر 408 کا بڑا مجموعہ حاصل کیا، سین ولیمز نے 101 گیندوں پر 174 رنز اسکور کیے، وکٹ کیپر جوئے لارڈ گومبی نے 78 رنز بنائے، سکندر رضا نے 27 بالز پر 48 رنز کی اننگز کھیلی، ریان برل نے 16 گیندوں پر 47 رنز اسکورکیے، امریکی بیٹنگ لائن 25.1 اوورز میں 104 رنز پر بکھرگئی، رچرڈ این گریوا اور سکندر رضا نے 2،2 وکٹیں لیں، تین بیٹرز رن آئوٹ ہوئے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں