قوم میں تقسیم اور دراڑپیدا کرنے والی قوتوں کو شکست ہوئی، شہباز شریف
امن تباہ کرنے والوں کےلیے چھپنے کی کوئی جگہ نہیں، وزیراعظم
پارا چنار: وزیراعظم شہبازشریف پاک افغان سرحد پر پاڑہ چنار پہنچ گئے اور عید کا دِن فوج کے جوانوں اور افسران کے ساتھ گزارا۔
وزیراعظم شہبازشریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے عید کی نماز جوانوں اور افسران کے ساتھ پاڑہ چنار میں ادا کی۔ وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیردفاع خواجہ محمد آصف اور وزیراطلاعات مریم اورنگزیب بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم نے فوج کے اعلی جذبے، عسکری تیاری اور پیشہ وارانہ معیار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف کے ساتھ آج عید کا دن آپ کے ساتھ گزار رہا ہوں۔
وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مادروطن کی سرحدوں کی جرات وبہادری سے حفاظت کرنے والے اپنے افسروں اور جوانوں کی کاوشوں اورجذبوں کو خراج تحسین پیش کرنے آیا ہوں، پاکستانی قوم کی پاکستانیت نے ملک میں فتنہ فساد، انتشار اور افراتفری پیدا کرنے والی قوتوں کے مذموم منصوبے کو ناکام بنادیا۔
وزیراعظم نے عزم کا اعادہ کیا کہ امن تباہ کرنے، دہشت گردی کرنے والوں، ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کے لئے چھپنے کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ اُن قوتوں کو شکست ہوئی جو اپنے مذموم ایجنڈے کے لئے قوم میں تقسیم اور دراڑپیدا کرنا چاہتے تھے۔
قبل ازیں آمد پر چیف آف آرمی اسٹاف نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ اس موقع پر کمانڈر 11 کور کے علاوہ صوبائی حکومت کے اعلی حکام بھی موقع پر موجود تھے۔