مچھلی سے حاصل کردہ اومیگا-3 پھیپڑوں کی صحت کیلئے مفید قرار
مچھلی سے حاصل کردہ اومیگا-3 پھیپڑوں کی صحت کیلئے مفید قرار
-فائل:فوٹو
میری لینڈ، امریکا: حال ہی میں ہوئی ایک تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ مچھلی اور اس کے تیل میں پائے جانے والے اومیگا 3 فیٹی ایسڈز پھیپھڑوں کی صحت کیلئے انتہائی مفید ہے۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے تعاون سے کیے گئے ایک مطالعے جو کہ امریکن جرنل آف ریسپریٹری اینڈ کریٹیکل کیئر میڈیسن میں شائع ہوا ہے میں بتایا گیا کہ مچھلیوں سے حاصل ہونے والے اومیگا 3 فیٹی ایسڈز کے پھیپھڑوں پر ہونے والے مثبت اثرات کے مضبوط ترین شواہد ملے ہیں۔
مطالعے کے مصنف ڈاکٹر پیٹریسیا اے کیسانو نے بتایا کہ ہم کینسر اور قلبی امراض میں غذا کے کردار کے بارے میں بہت کچھ جانتے ہیں لیکن پھیپھڑوں کی دائمی بیماری میں غذا کے کردار کو کسی حد تک کم سمجھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ مطالعہ اس بات کے شواہد میں مزید اضافہ کرتا ہے کہ اومیگا 3 فیٹی ایسڈز جو کہ صحت مند غذا کا حصہ ہیں، پھیپھڑوں کی صحت کے لیے بھی اہم ہیں۔
نینشل ہارٹ، لنگ اینڈ بلڈ انسٹی ٹیوٹ کے ڈویژن برائے امراض نظام تنفس کے ڈائریکٹر جیمز پی کیلی نے ڈاکٹر پیٹریسیا کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ آبادی پر مبنی اس بڑے مطالعے سے پتہ چلتا ہے کہ انسدادِ سوزش کی خصوصیات والے غذائی اجزاء پھیپھڑوں کی صحت کو برقرار رکھنے میں مدد کرسکتے ہیں اور اومیگا 3 فیٹی ایسڈ انسداد سوزش کی خصوصیات والا غذائی جُز ہے۔