قومی کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ کیلئے بھارت بھیجنے کا فیصلہ،پاک بھارت میچ کا جنون آخری حدوں کو چھونے لگا
پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء کیلئے بھارت جائیگی،ترجمان دفتر خارجہ .ورلڈکپ پاک بھارت مقابلہ، جنون آخری حدوں کو چھونے لگا، ہوٹلز، گیسٹ ہاؤسز کی چاندی -فوٹو: فائل
اسلام آباد: حکومت نے قومی کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ کے لیے بھارت بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اپنی کرکٹ ٹیم کو آئندہ آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء میں شرکت کے لیے ہندوستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہمیشہ سے یہ موقف رہا ہے کہ کھیلوں کو سیاست کے ساتھ نہیں ملانا چاہیے اور بھارت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بین الاقوامی کھیلوں میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔
ترجمان نے کہا پاکستان کا فیصلہ اس کے تعمیری اور ذمہ دارانہ رویے کو ظاہر کرتا ہے جبکہ بھارت کا رویہ ہمیشہ متعصبانہ رہا ہے، بھارت نے ایشیاء کپ کیلئے اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کر دیا تھا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان کو اپنی کرکٹ ٹیم کی سلامتی کے بارے میں گہری تشویش ہے، ہم ان خدشات کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور بھارتی حکام تک پہنچا رہے ہیں، ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان ٹیم کی مکمل حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔
دفتر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ بھارت نے متعصبانہ رویے کی وجہ سے ایشیاء کپ کیلئے اپنی کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کیا تھا، پاکستان کو اپنی کرکٹ ٹیم کی سلامتی کے بارے میں گہری تشویش ہے، پاکستان اپنے خدشات بین الاقوامی کرکٹ کونسل اور بھارتی حکام تک پہنچا رہا ہے، امید ہے پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ بھارت کے دوران مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔
دوسری جانب ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کا میچ 15 کے بجائے 14 اکتوبر کو کھیلے جانے کا امکان ہے، آئی سی سی اس حوالے سے پاکستان کو آگاہ کرچکا جس پر پی سی بی نے رضامندی بھی ظاہر کردی، شیڈول میں تبدیلی کا اعلان آئی سی سی کی جانب سے جلد متوقع ہے، اس کے باوجود پاک بھارت میچ کیلئے جنون اپنی آخری حدوں کو چھورہا ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شائقین احمد آباد میں اس ہائی وولٹیج میچ سے لطف اندوز ہونے کیلئے بے قرار ہیں، صرف بھارت ہی نہیں بلکہ دنیا بھر سے شائقین کی بڑی تعداد اس شہر کا رخ کرنے والی ہے، اس لیے میزبان شہر کے ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز کی چاندی ہوچکی ہے، کرایوں میں کئی سو گنا کا اضافہ کردیا گیا، بڑے ہوٹلز میں تو تقریباً کمرے بک بھی ہوچکے ہیں، گیسٹ ہاؤسز میں بھی گنجائش ختم ہورہی ہے۔
پاک بھارت میچ کے موقع پر بھارتی ایئرلائنز نے بھی کرایوں میں بھی بے پناہ اضافہ کردیا، بڑے بھارتی شہروں سے احمد آباد کا موجودہ کرایہ 4 سے 6 ہزار روپے کے درمیان ہے لیکن اب یہ کرایہ 50 ہزار سے بھی تجاوز کرچکا ہے، اس میں مزید اضافے کی بھی توقع ہو رہی ہے۔
ٹور آپریٹرز اور ٹریول ایجنٹس کا کہنا ہے کہ جتنی مانگ پاک بھارت میچ کی ہے اتنی ورلڈ کپ کے افتتاحی اور فائنل مقابلے کی بھی نہیں نظر آتی، خود بھارت کے دیگر ٹیموں سے میچز میں بھی شائقین اتنی دلچسپی نہیں لے رہے جتنی پاکستان سے مقابلے میں ہے۔