خاتون نے طلاق کی خوشی میں پارٹی رکھی، جشن منایا اور سونا بانٹا
مصر میں خاتون نے عدت پوری ہونے ہر ریسٹورینٹ میں جشن منایا، فوٹو: ویڈیو گریب
جشن میں خاتون نے کیفے میں موجود افراد میں سونا اور دیگر انعامات بھی بانٹے، کیک بھی کاٹا جس پر طلاق مبارک لکھا ہوا تھا
قاہرہ: مصر میں ایک خاتون نے بے وفا شوہر سے علیحدگی کے بعد عدت کے اختتام پر ریسٹورینٹ میں پارٹی رکھی اور بھرپور طریقے سے طلاق کا جشن منایا۔
العربیہ نیوز کے مطابق اپنی نوعیت کے اس منفرد جشن میں خاتون نے کیفے میں موجود افراد میں سونا اور دیگر انعامات بھی بانٹے۔ خاتون نے کیک بھی کاٹا جس پر طلاق مبارک لکھا ہوا تھا۔خاتون نے ویڈیو بھی بنائی اور اسے وائرل کیا۔ ویڈیو میں خاتون کا کہنا تھا کہ میرے شوہر نے کسی اور سے تعلقات رکھے جو میرے لیے ناقابل برداشت ہے اس لیے طلاق لی اور اب میں بہت خوش ہوں۔خاتون کا یہ بھی کہنا تھا کہ میرا برج حمل ہے اس لیے میں جنونی شخصیت کی مالک ہوں اور ہر چیز میں انفرادیت رکھنا چاہتی ہوں۔ اپنی طلاق کو بھی منفرد بنایا اور اس میں مجھے کوئی عار نہیں۔ جس نے بے وفائی کی اسے شرم آنی چاہیے۔سوشل میڈیا پر صارفین کا اس ویڈیو پر ملا جلا رجحان دیکھنے کو ملا۔ کچھ نے بے وفا شوہر سے جان چھوٹ جانے پر خاتون کے جشن منانے کے اقدام کو سراہا اور کچھ نے اسے نہایت غیرمناسب قرار دیا۔