سلور میڈل جیتنے والے ارشد ندیم وطن واپس پہنچ گئے، ایئرپورٹ پر شاندار استقبال

لاہور: ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں سلور میڈل حاصل کرنے والے اولمپیئن اتھلیٹ ارشد ندیم وطن واپس پہنچ گئے۔
وطن واپس پہنچنے پر لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر اولمپیئن اتھلیٹ ارشد ندیم کا شاندار استقبال کیا گیا، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، ایئرپورٹ پر استقبالیہ بینر بھی لگائے گئے۔
اولمپیئن اتھلیٹ ارشد ندیم کے شاندار استقبال کے موقع پر مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض اور دیگر حکومتی نمائندے بھی موجود تھے، عالمی ایونٹ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے ارشد ندیم پاکستان کیلئے پہلا میڈل جیتنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ ٹورنامنٹ کیلئے بہت محنت کی تھی، قوم کی دعاؤں سے میڈل جیتنے میں کامیاب ہوا، سپورٹ کرنے پر قوم، میڈیا اور پنجاب سپورٹس بورڈ کا شکر گزار ہوں، مکمل فٹ ہوں ایشین گیمز کیلئے بھرپور تیاری کروں گا، بھارتی کھلاڑی نیرج چوپڑا اچھا دوست ہے۔واضح رہے ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں بھارت کے نیرج چوپڑا نے 88 اعشاریہ 17 میٹر کی تھرو کر کے گولڈ میڈل اپنے نام کیا جبکہ ارشد ندیم87 اعشاریہ 82 میٹر تھرو کر کے چاندی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوئے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں