گلگت بلتستان سے باہر گندم کی ترسیل پر مکمل پابندی عائد

-فوٹو: فائل

محکمہ خوراک کو ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے اشتراک سے کریک ڈاون کرنے کا حکم جاری
اسلام آباد: حکومت گلگت بلتستان نے صوبے سے باہر گندم کی ترسیل پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
اقدام کا مقصد گلگت بلتستان کے عوام کو سبسڈی کی مد میں فراہم کی جانے والی گندم کی شفاف تقسیم یقینی بنانا اور اسمگلنگ کے ذریعے گندم کا بحران پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانا ہے۔گلگت بلتستان سے باہر گندم کی غیر قانونی ترسیل روکنے کے لیے داخلی و خارجی راستوں بشمول تھور، بابوسر اور غذر میں واقع چیک پوسٹس پر پولیس اہلکاروں کو گندم کی غیر قانونی اسمگلنگ کرنے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کی تیاری کے لیے ناکہ بندی و چیکنگ کے لیے جامع حکمت عملی بنانے کے لیے محکمہ پولیس کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت تادیبی کارروائی عمل میں لانے کے لیے محکمہ خوراک کو ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے اشتراک سے کریک ڈاون کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔
سیکریٹری خوارک کو ٹارگٹڈ سبسڈی اور گندم کی منصفانہ تقسیم کے لیے جامع سفارشات تیار کرنے کے بھی احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔صوبائی حکومت نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ گندم کی غیر قانونی ترسیل اور ذخیرہ اندوزی میں شامل عناصر کی نشاندہی کریں اور حکومت کو بروقت مطلع کر دیں تاکہ گلگت بلتستان میں گندم کا بحران درپیش نہ ہواور سبسڈی کی مد میں فراہم کیے جانے والے گندم کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جا سکے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں