اگر میں نے ملک سے غداری کی ہے تو مجھے پھانسی پر لٹکا دیا جائے ، شاہ محمود

جیل میں میرے بیرک کے ساتھ ہی پھانسی گھاٹ ہے ، سابق وزیر خارجہ

اڈیالہ جیل میں قید تنہائی کاٹ رہا ہوں، مجھے جیل سے باہر چہل قدمی نہیں کرنے دی جاتی
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ میں ملک سے غداری کا سوچ بھی نہیں سکتا ،ملک سے غداری کی ہے تو مجھے پھانسی دے دی جائے۔سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیل میں میرے بیرک کے ساتھ ہی پھانسی گھاٹ ہے ، اگر میں نے ملک سے غداری کی ہے تو مجھے پھانسی پر لٹکا دیا جائے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میں اڈیالہ جیل میں قید تنہائی کاٹ رہا ہوں، دیگر قیدیوں کے برعکس مجھے جیل سے باہر چہل قدمی نہیں کرنے دی جاتی، میری فیملی اس وقت سب سے زیادہ ٹارچر سے گزر رہی ہے، میری بیمار اہلیہ اور بچے سب سے زیادہ ٹارچر کا شکار ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں 9 مئی واقعات میں بے قصور ہوں، میں وہاں موجود ہی نہیں تھا،میری اہلیہ بیمار تھیں، میں کراچی میں ان کی تیمار داری کر رہا تھا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چیرمین پی ٹی آئی کا نعم البدل کوئی نہیں ہوسکتا، پی ٹی آئی چیئرمین شپ کے لیے قیاس آرائیاں اور غلط فہمیاں پھیلائی جا رہی ہیں۔شاہ محمود نے مزید کہا کہ مجھے تھوڑی سی تکلیف ہے اور گلہ خراب ہے، مجھے گھر کا کھانا نہیں ملتا، عام قیدیوں والاہی ملتاہے، فیملی سے کل ملاقات ہوئی ہے، بچے اور اہلیہ اڈیالہ جیل آئے، جیل میں اپنی فیملی کو دیکھ کر خوشی بھی ہوئی اور دکھ بھی ہوا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں