کراچی، دو سالہ لاپتا بچہ 15 گھنٹے بعد گٹر سے مل گیا
زوحان کو گٹر سے نیم بیہوشی کی حالت میں نکالا گیا، والد-فوٹو
کراچی: شہر قائد میں گٹر کے ڈھکنوں کا مسئلہ حل نہ ہوسکا، شاہ لطیف میں لاپتا دو سالہ بچہ 15 گھنٹے بعد گٹر سے مل گیا۔
شاہ لطیف کے علاقے ظفرٹاؤن سے لاپتہ ہونے والا 2 سالہ شیرخواربچہ گٹرسے نیم بے ہوشی کی حالت میں مل گیا۔ کمسن بچہ 15 گھنٹے سے زائد گٹرمیں موت وزندگی کی جنگ لڑتا رہا جس کا مچھروں نے کاٹ کاٹ کر براحال کردیا۔بچے کے والد صدیق خان نے بتایا کہ ان کا بیٹا 2 سالہ زوحان 9 ستمبر کو لاپتا ہوا تھا جسے انہوں نے ارد گرد کے تمام علاقوں میں دن رات تلاش کیا، مساجد میں اعلانات کروائے لیکن کہیں سے بھی ان کے بیٹے کا سراغ نہیں ملا۔انہوں نے بتایا کہ جس مقام سے ان کا بیٹا لا پتا ہوا وہاں نصب سی سی ٹی وی کمرے دیکھے تومعلوم ہوا کہ ان کے بیٹے کے ساتھ ایک 9 سالہ بچہ بھی موجود تھا جو گلشن معمار سے محلے میں کسی کے گھر بطور مہمان آیا ہوا تھا۔صدیق خان نے بتایا کہ مذکورہ بچے کے ماموں نے جب اُس سے سختی سے پوچھ گچھ کی تو اس نے بتایا کہ اس نے زوحان کو گٹر میں دھکا دے دیا ہے جس پر اسکے ماموں اور دیگر لوگ اس گٹر کی جانب بھاگے اور دیکھا زوحان گٹرمیں موجود تھا جسے لاپتا ہونے کے تقریباً 15 گھنٹے کے بعد نیم بے ہوشی کی حالت میں نکال لیا گیا۔صداقت خان نے بتایا کہ اب ان کے بیٹے کی حالت کافی بہتر ہے۔ جس گٹرسے ان کا بیٹا ملا اس گٹر میں پانی نہیں تھا گٹر میں کیچڑ تھی اور جب بیٹے کو گٹر سے نکالا گیا تو بیٹا کیچڑ میں لپٹا ہوا تھا۔