آج سے عدل کے ایوانوں میں انصاف کی واپسی ہوگی، مریم نواز
دعاہے کہ ترازو کے پلڑے سب کے لیے برابر ہوں-فوٹو: فائل
نوازشریف کو اللہ تعالی نے سرخرو کردیا ہے، اب پاکستان کو سرخروکرنا ہے
ہ نوازشریف کے بغض میں عوام کو سزا دی گئی،پاکستان کو اب ایک نئی شروعات کی ضرورت ہے، ملک کو انتقام، ٹکراﺅ اور افراتفری سے نجات دلانا ہوگی
لاہور: پاکستان مسلم لیگ( ن )کی سینیئر نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نوازشریف کے بغض میں عوام کو سزا دی گئی،امید ہے کہ آج سے عدل کے ایوانوں میں انصاف کی واپسی ہوگی۔پارٹی کے مختلف ونگز کے اجلاسوں سے خطاب میں ن لیگ کی چیف آرگنائزر نے کہا کہ نوازشریف کو اللہ تعالی نے سرخرو کردیا ہے، اب پاکستان کو سرخروکرنا ہے، اللہ تعالی نے ہر بار نوازشریف کو ’پلس ‘ کیا، انہیں مائنس کرنے کی ہر کوشش مائنس ہوگئی۔انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کے بغض میں عوام کو سزا دی گئی،امید ہے کہ آج سے عدل کے ایوانوں میں انصاف کی واپسی ہوگی، دعاہے کہ ترازو کے پلڑے سب کے لیے برابر ہوں۔
مریم نواز نے کہا کہ امید ہے کہ نوازشریف اور ان کے مظلوم ساتھیوں کو” پراجیکٹ“ کے کارندوں کی ناانصافیوں سے نجات ملے گی۔رہنما ن لیگ نے کہا کہ نوازشریف دشمنی کی سوچ دراصل پاکستان دشمنی اور عوام دشمنی کی سوچ ہے، پاکستان کو اب ایک نئی شروعات کی ضرورت ہے، ملک کو انتقام، ٹکراﺅ اور افراتفری سے نجات دلانا ہوگی۔مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری لڑائی مہنگائی، معاشی بدحالی اور بیڈگورننس سے ہے،صوبہ سندھ سمیت پاکستان کے کونے کونے میں ترقی کا سفر لے کر جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور اُن کے ساتھیوں نے بہادری اور ثابت قدمی سے ناانصافیوں کا سامنا کیا، نوازشریف اور اُن کے ساتھی ہی ملک وقوم کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتے ہیں، اللہ تعالی نے پاکستان کی ترقی اورعوام کی خوش حالی نوازشریف کے مقدر میں لکھی ہے۔رہنما ن لیگ نے کہا کہ ہم نے لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی ختم کی تھی، اب مہنگائی میں کمی کا وعدہ پورا کریں گے۔ نوازشریف نے ایٹمی دھماکوں سے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا تھا اب وہ معاشی طورپر پاکستان کو ناقابل تسخیر بنائیں گے۔مریم نواز نے کہا کہ ہم عوام کے چہروں پر اطمینان اورمعاشی آسودگی دیکھنا چاہتے ہیں، عوام اپنے ووٹ سے نوازشریف کو مضبوط کریں، مہنگائی ہم کم کردیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو سیاسی طورپر جتنا عوام مضبوط کریں گے انشاء الله اُتنا ہی پاکستان معاشی طورپر مضبوط ہوجائے گا۔پارٹی کے مختلف ونگز کے اجلاسوں میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز نے بھی شرکت کی۔