خاتون ملازمہ نے نازیبا الفاظ پر باس کیخلاف کروڑ روپے ہرجانے کا مقدمہ جیت لیا
72 سالہ باس نے 49 سالہ خاتون ملازمہ کے مینوپاز کا مذاق اڑایا تھا- فوٹو: امریکی میڈیا
ایڈنبرگ: اسکاٹ لینڈ میں مینوپاز کے طعنے، نوکری سے نکالنے اور نازیبا کلمات کہنے پر 49 سالہ خاتون ملازمہ نے اپنے 70 سالہ باس پر مقدمہ دائر کیا تھا جس کا فیصلہ آ گیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق خاتون ملازمہ کیرن ایک انجینئرنگ فرم ’’تھیسٹل میرین‘‘ میں 1995ء سے کام کر رہی تھیں۔ جہاں انھیں ہتک آمیز سلوک اور امتیازی رویوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔جس پر کیرن نے عدالت سے رجوع کیا اور باس کے خلاف دائرمقدمے میں کہا کہ میں دو بچوں کی ماں ہوں اور حیض کے بند ہونے کے مراحل (مینوپاز) میں ذہنی دباؤ اور اذیت کا شکار تھی۔ جس کے باعث کام پر دھیان نہیں دے پا رہی تھی۔کیرن نے عدالت کو بتایا کہ اس پر میرے باس جم کلارک نے طعنہ دیا کہ میں مینوپاز کو ایک بہانے کے طور پر استعمال کر رہی ہوں۔ باس نے یہ بھی کہا کہ ہر ایک کو کوئی نہ کوئی درد ہوتا ہے۔عدالت نے کیرن کے مقدمے پر فیصلہ سناتے ہوئے باس جم کلارک پر 37 ہزار پاؤنڈ جرمانہ عائد کیا جو وہ خاتون ملازمہ کو ادا کریں گے۔