بجلی 55 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی نیپرا میں سماعت، فیصلہ محفوظ
سی پی پی اے کی درخواست منظوری کی صورت میں صارفین پر 8 ارب 37 کروڑ کا اضافی بوجھ پڑیگا-فوٹو : فائل
اسلام آباد: بجلی 55 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی سی پی پی اے کی درخواست پر نیپرا نے سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔سی پی پی اے کی جانب سے بجلی 55 پیسے فی یونٹ تک مزید مہنگی کرنے کی درخواست دی گئی جس کی آج نیپرا ہیڈ کوارٹرز میں سماعت شروع ہوگئی۔ چیئرمین نیپرا وسیم مختار نے سماعت کی۔سی پی پی اے نے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافے کی درخواست دائر کی ہے اور سرکاری ڈسکوز کے لیے بجلی کی قیمتوں میں 55 پیسے فی یونٹ اضافہ مانگا ہے۔ منظوری کی صورت میں صارفین پر ایک ماہ کیلئے 8 ارب 37 کروڑ کا اضافی بوجھ پڑے گا۔سی پی پی اے نے درخواست میں کہا ہے کہ ماہ ستمبر میں 12 ارب 92 کروڑ یونٹ بجلی کی فروخت ہوئی، ہائیڈل سے بجلی کی پیداوار 37.55 فیصد رہی، ستمبر میں آر ایل این جی سے بجلی کی پیداوار 15.95 فیصد ہوئی اور ماہ ستمبر میں فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار 1.80 فیصد رہی، بجلی کے نرخ بڑھائے جائیں۔بعدازاں نیپرا نے سماعت مکمل کرتے ہوئے بجلی مہنگی کرنے کی سی پی پی اے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ نیپرا اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ جاری کرے گی۔