روہت شرما نے کرکٹ ورلڈ کپ میں بطور کپتان سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا

روہت شرما نے ون ڈے کرکٹ کے ایک کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ چھکے لگا کر تاریخ رقم کردی -فوٹو: فائل
بنگلورو: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کے دو عالمی ریکارڈز توڑ دیئے۔روہت شرما نے بنگلورو میں بھارت اور نیدرلینڈز کے درمیان ورلڈ کپ 2023ء کے آخری لیگ میچ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے سب سے زیادہ چھکے لگانے کے دو عالمی ریکارڈز توڑ دیئے۔روہت شرما نے نیدرلینڈز کیخلاف میچ میں صرف 54 گیندوں پر 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 61 رنز بنائے۔ کولن ایکرمین کی گیند پر میچ کے پہلے چھکے کے ساتھ روہت شرما نے ون ڈے کرکٹ کے ایک کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ چھکے لگا کر تاریخ رقم کردی۔اس سے قبل ایک کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ جنوبی افریقہ کے سابق لیجنڈ بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز کے پاس تھا جنہوں نے 2015ء میں سب سے زیادہ 58 چھکے لگا رکھے تھے۔ روہت شرما کے رواں سال چھکوں کی تعداد 60 ہوچکی ہے جبکہ ابھی سال ختم ہونے میں ڈیڑھ ماہ سے زائد وقت باقی ہے۔کرس گیل ایک کیلنڈرز ایئر (2019ء) میں 56 چھکوں کے ساتھ تیسرے اور 2020ء میں شاہد آفریدی 48 چھکوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔روہت شرما نے کرکٹ ورلڈ کپ کے ایک ایڈیشن میں بطور کپتان سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔ انگلینڈ کے سابق کپتان ایون مورگن نے 2019ء کے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ 22 چھکے لگائے تھے جسے روہت شرما نے رواں ورلڈ کپ میں 24 چھکے لگاکر کر توڑ دیا۔