پاکستان پیپلز پارٹی پوری توانائی کے ساتھ الیکشن لڑے گی مستقبل مزدوروں اور پیپلز پارٹی کا ہے، سید سبط الحیدر بخاری
محنت کش طبقے کی تمام محرومیوں کا ازالہ اور ان کو درپیش مسائل کا حل پاکستان پیپلزپارٹی کے پاس ہے،سبط الحیدر بخاری-
پاکستان پیپلز پارٹی اس ملک کے مزدوروں اور پسے ہوئے طبقات کی امنگوں کی ترجمان ہے.
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی سنٹرل سیکرٹریٹ کے انچارج سید سبط الحیدر بخاری نے اپنے ایک جاری بیان میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اس ملک کے مزدوروں اور پسے ہوئے طبقات کی امنگوں کی ترجمان ہے، محنت کش طبقے کی تمام محرومیوں کا ازالہ اور ان کو درپیش مسائل کا حل پاکستان پیپلزپارٹی کے پاس ہے. ان کا مزید کہنا تھا کہ پرانے لاڈلے کا نیا سلیکٹڈ بننے کے لیے پاگل پن اور مقتدرہ قوتوں کا اس کو تقویت دینا انتخابی عمل پر سوالات پیدا کرتا ہے لیکن اس تمام کے باوجود پاکستان پیپلزپارٹی ہر حلقے میں مضبوط امیدواروں کو میدان میں اتارے گی اور کلین سویپ کرے گی. ان کا مزید کہنا تھا کہ ملکی معیشت دلدل میں ہے اور سلیکٹد ٹولہ نج کاری کے لیے راہیں ہموار کر رہا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ نجکاری کے خلاف جنگ کی ہے اور محنت کشوں کے حقوق کی جنگ اس وقت تک جاری رکھے گی جب تک استحصال اور نجکاری کی غلاظت کا خاتمہ نہیں ہو جاتا. سید سبط الحیدر بخاری کا مزید کہنا تھا کہ عوامی املاک کو کھوکھلا کرنے والوں اور اونے پونے داموں پر خریدنے کے لیے کی جانے والی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ان کا کہنا تھا کہ ایک فلاحی اور جمہوری ریاست کو کارپوریٹ ریاست میں بدلنا صرف اور صرف مزدور دشمنی ہے اور مزدور کے ہر دشمن کے خلاف پیپلز پارٹی سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے. ہم حکومت میں آتے ہی سب سے پہلے نجکاری کا راستہ بند کریں گے. مستقبل صرف اور صرف عوام اور عوام کی نمائندہ جماعت پیپلز پارٹی کا ہے.