مسلم لیگ ن کا شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس، انتخابی امیدواروں کے ناموں پر مشاورت
ن لیگ اجلاس ، امیدواروں اور الیکٹیبلز کے سروے کروانے کی تجویز پر غور ، نواز شریف کی ہدایات پر بھی تفصیلی گفتگو-
شہباز شریف نے بڑی تعداد میں پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواستیں وصول ہونے پر خوشی کا اظہار کیا
لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کا غیر رسمی مشاورتی اجلاس ہوا، اجلاس میں جنرل انتخابات میں امیدواروں کے ناموں پر سکروٹنی کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔اجلاس میں رانا ثنااللہ، سردار ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق، عطاء تارڑ، اویس لغاری سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے، اجلاس میں ن لیگ کے امیدواروں اور الیکٹیبلز کے سروے کروانے کی تجویز پر غور کیا گیا۔پارٹی ذرائع کے مطابق ن لیگ کے قائد نواز شریف کی جانب سے جاری ہدایات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی، اجلاس میں شہباز شریف نے بڑی تعداد میں پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواستیں وصول ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔شہباز شریف کی جانب سے خواجہ سعد رفیق اور رانا ثناء اللہ کو پنجاب کے امیدواروں کے حتمی ناموں پر جلد مشاورت مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی، شہباز شریف نے سردار ایاز صادق کو بلوچستان کے امیدواروں کے نام جلد دینے کی ہدایت کی۔