اسرائیل کی غزہ پر بمباری انسانیت کیخلاف جنگی جرائم ہیں، ترک صدر
غزہ میں انسانیت کے خلاف جرائم کرنے والوں پر مقدمہ چلنا چاہیے، طیب اردوان -فوٹو: فائل
ابو ظہبی: ترک صدر طیب اردوان نے جنگ بندی کے فوری بعد اسرائیل کی دوبارہ سے وحشیانہ بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ پر جو ظلم ڈھایا جا رہا ہے وہ جنگی جرائم میں شمار ہوتا ہے۔ ترک میڈیا کے مطابق صدر طیب اردوان نے یہ بات متحدہ عرب امارات میں ہونے والی اقوام متحدہ کے موسمیاتی تبدیلیوں پر COP28 کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ترک صدر نے اسرائیلی بمباری کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ غزہ میں انسانیت کے خلاف جنگی جرائم کیے جا رہے ہیں اور ایسا کرنے والوں پر عالمی جنگی قوانین کے تحت مقدمہ چلانا چاہیے۔صدر رجب طیب اردوان نے مزید کہا کہ ہم دنیا میں جاری تمام جنگوں اور بحرانوں میں ہمیشہ سے امن کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں اور منصفانہ حل کی حمایت کی ہے۔ غزہ کے معاملے پر بھی اپنی یہی تاریخ دہرائیں گے۔ترک صدر نے کہا کہ اسرائیلی بمباری میں اب تک 16 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں سے نصف خواتین اور بچے ہیں۔ اسرائیل کے اس عمل کو کسی طور درست نہیں کہا جا سکتا۔واضح رہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے ختم ہوتے ہی اسرائیلی طیاروں نے دھاوا بول دیا اور صبح سے ہونے والی وحشیانہ بمباری میں 109 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جب کہ 2 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔