بلاول بھٹو زرداری کا شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی پر قوم کے نام پیغام
پیپلز پارٹی اپنی شہید قیادت کے فلسفے پر سختی سے کار بند رہے گی،چیئرمین و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری-
بینظیر بھٹو نے ہمیشہ ملک کے عام آدمی اور پسماندہ طبقات کی آواز بن کر حقیقی عوام کی نمائندگی کی،بلاول
لاڑکانہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنی والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی پر قوم کے نام پیغام جاری کر دیا۔اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسلامی دنیا کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم اور عالمی لیڈر شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت، شہید محترمہ بینظیربھٹو نہ صرف ایک تاریخی شخصیت بلکہ ایک زندہ تحریک اور مشعلِ راہ ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان کیلئے ہم آہنگی کی زنجیر تھیں، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا بہیمانہ قتل ایک مذموم سازش تھی۔
میں نے جمہوری پاکستان کیلئے جدوجہد کی ہے، میں جمہوری پاکستان کیلئے اپنی جدوجہد کو نہیں چھوڑ سکتی اور میرا ماننا ہے کہ پاکستان میں ترقی صرف جمہوریت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔شہید محترمہ بینظیر بھٹو#RememberingSMBB pic.twitter.com/rjfVhd0dBF
— PPP (@MediaCellPPP) December 26, 2023
انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے قتل کے ذریعے پاکستان کی ترقی کو سبوتاژ کیا گیا، بینظیر بھٹو نے ہمیشہ ملک کے عام آدمی اور پسماندہ طبقات کی آواز بن کر حقیقی عوام کی نمائندگی کی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنی شہید قیادت کے فلسفے پر سختی سے کار بند رہے گی، پیپلز پارٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے خواب کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے پُرعزم ہے۔