آر آئی سی میں صحافیوں کی 50 فیصد رعایت بحال کی جا رہی ہے، ڈاکٹر جمال ناصر
آر آئی سی میں 40 بیڈز پر مشتمل پیڈز وارڈ بھی قائم کیا جا رہا ہے، صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر کا آر آئی سی کا دورہ
راولپنڈی:صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر و بہبود آبادی ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ راولپنڈی انسٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں علاج معالجہ کیلئے صحافیوں کیلئے 50 فیصد رعایت کو بحال کیا جا رہا ہے جبکہ بچوں کیلئے 40 بیڈز پر مشتمل ایک خصوصی پیڈز وارڈ کیلئے بھی منصوبہ بندی کی گئی یے۔یہ بات انہوں نے راولپنڈی انسٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے دورہ کے موقع پر کہی۔ انہوں نے ہسپتال کا تفصیلی معائنہ کیا اور مریضوں سے سہولیات کے متعلق استفسار کیا۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ صحافیوں کیلئے رعایت کیلئے نیشنل پریس کلب کے راولپنڈی کیمپ آفس اور ہسپتال انتظامیہ کے مابین مفاہمتی یاداشت پر جلد ہی دستخط ہو جائیں گے اور یہ سہولت جلد از جلد دستیاب ہو گی۔ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ آر آئی سی میں جدید معیار کی سہولیات میسر ہیں اور ان میں مذید اضافہ کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں کیونکہ اس علاج گاہ سے راولپنڈی اسلام آباد کے علاوہ کے پی کے، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے شہری بھی فائدہ اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آر آئی سی میں ایک جدید ترین سیٹیسکین مشین نصب جو کہ 640 سلائس کی صلاحیت رکھتی ہے اور ایسی جدید مشنری پورے ملک میں چند ایک ہی ہسپتالوں میں میسر ہے۔ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ آر آئی سی میں پیڈز وارڈ بھی ایک شاندار اضافہ ہو گا اور اس ہسپتال کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی طرف اہم قدم ثابت ہو گا۔صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر ہسپتال کے مختلف وارڈز میں گے اور ان کو سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔