نیا سال، نیا عزم، راولپنڈی کو جلد زیرو ویسٹ اور سموگ فری سٹی بنا کر دم لیں گے، کمشنر راولپنڈی
سموگ کے خاتمے کیلئے بھی روڈ واشنگ،مینوئل سوئیپنگ اور ویسٹ لفٹنگ کا کام باقاعدگی سے کیا جائے گا،لیاقت علی چٹھہ
ہماراعزم ہے کہ راولپنڈی کو زیرویسٹ اور سموگ فر ی سٹی بناکر دم لیں گے، کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ ن
راولپنڈی : کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے صفائی کے انتظامات کے معائینے کے لئے علی الصبح شہر کی یونین کونسل 42ملت کالونی،یو سی 43ڈھوک کھبہ اور یو سی 44ڈھوک فرمان علی کا دورہ کیا اور صفائی پر مامور سٹاف کی کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ انہوں نے یونین کونسل کے سیکرٹریز و اہل علاقہ سے بھی گفتگو کی اور صفائی کی صورتحال پر ان کی رائے لی۔چیئرمین راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ثاقب رفیق اور چیف ایگزیکٹو آفیسررانا ساجد صفدر ودیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اپنے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے کسی بھی موسمیاتی تبدیلی اور دیگر رکاوٹو ں کی پروا کئے بغیر سرگرم عمل ہے۔ ہماراعزم ہے کہ راولپنڈی کو زیرویسٹ اور سموگ فری سٹی بناکر دم لیں گے۔ اسکے ساتھ ساتھ سموگ کے خاتمے کیلئے بھی روڈ واشنگ،مینوئل سوئیپنگ اور ویسٹ لفٹنگ کا کام باقاعدگی سے کیا جائے تاکہ شہر میں کوئی گردو غبار نہ ہو اور ویسٹ کنٹینرز اور دیگر جگہوں پر پڑا کوڑا کوئی جلا نہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ہفتے مختلف یونین کونسلز کا علی الصبح دورہ کرنے کا مقصد صفائی کے عمل کی جانچ کرنا ہے تاکہ اگر کہیں کوئی کوتاہی ہو رہی ہو تو اسے فوری درست کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی نہ صرف نصف ایمان ہے بلکہ ہماری صحت کی بھی ضامن ہے۔اس لئے ہماری کوشش ہے کہ دورے کے دوران اہل علاقہ میں یہ شعور اجاگر کیا جائے کہ اپنے ماحول کو صاف ستھرا رکھ کر وہ صحت مند ماحول کو پروان چڑھا سکتے ہیں اور اس سلسلے میں حکومتی مشینیری کوان کے بھرپور تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سڑک پر صفائی میں مصروف آر ڈبلیو ایم سی سٹاف کی تعریف کی اور کہا کہ وہ اپنا کام بہترین طریقے سے انجام دے رہے ہیں،جس کے باعث شہر میں صفائی کے حوالے سے شکایات بہت کم ہیں۔چیئرمین راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ثاقب رفیق نے بھی ان یو سیز کے آپریشن سٹاف کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرد موسم میں اتنی صبح بھی یہاں کی صفائی اور چونے کا چھڑکاؤ اچھا تاثر دے رہا ہے،اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہمارے پرعزم ورکرز صفائی کے لئے کوشاں ہیں۔ سرد،گرم موسم یا کوئی اور رکاوٹ انہیں اپنے فرائض منصبی ادا کرنے سے روک نہیں سکتی۔سی ای او رانا ساجد صفدر نے کہا کہ نئے سال میں نئے عزم کیساتھ شہر کی صفائی کیلئے مصروف عمل ہیں۔ پنجاب حکومت،کمشنر راولپنڈی اور چیئرمین آر ڈبلیو ایم سی کی ہدایات کی روشنی میں سموگ کے خاتمے کیلئے سڑکوں کی دھلائی کا کام جاری ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر ویسٹ کنٹینرز کو خالی کر کے واش کرتے ہیں۔ کہیں بھی کوڑا کرکٹ رہنے نہیں دیتے تاکہ کوئی اسے جلا نہ سکے۔ اس سرد موسم اور شدید دھند میں بھی ورکرز علی الصبح اپنے اپنے مقامات پر پہنچ کر صفائی شروع کر دیتے ہیں۔