ممبئی میں 600 ملی میٹر بارش،سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی، پروازیں منسوخ اور سکول بند
بھارت میں ریلوے سروس معطل ہونے سے ہزاروں افراد اسٹیشن پر پھنس گئے
محکمہ موسمیات نے مزید دو روز تک وقفے وقفے سے بارش کے جاری رہنے کی پیشن گوئی کی ہے،ممبئی کے میونسپل اداروں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور ہسپتالوں میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا
نئی دہلی: ممبئی میں گزشتہ 6 گھنٹوں میں 315 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی جس کے باعث 50 پروازیں منسوخ کرنا پڑیں اور ٹرین سروس معطل ہونے سے ہزاروں افراد ریلوے اسٹیشن پر پھنس گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق مسلسل ہونے والی بارش میں ممبئی میں جل تھل ایک ہوگیا۔ مضافاتی علاقوں پالگھر، تھانے اور رائے گڑھ میں 30 لاکھ سے زائد افراد ریلوے، بجلی اور ٹرانسپورٹ کی سہولت سے محروم ہوگئے۔امدادی کاموں کے دوران نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کے اہلکاروں نے کشتیوں اور لائف جیکٹس کی مدد سے مہاراشٹر کے علاقے تھانے میں ’’واٹر ریزورٹ‘‘ سے 49 لوگوں اور پالگھر میں 16 دیہاتیوں کو بچایا۔
موسم کی خرابی کے باعث سمندر میں بھی طغیانی کا منظر ہے۔ دوپہر 2 بجے کے قریب لہریں 4.4 میٹر بلند ہوگئیں۔ ممبئی کے ساحلی اور مضافاتی علاقوں میں اورنج الرٹ جاری کردیا گیا۔ممبئی میں بارش کے باعث 50 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ جگہ جگہ بل بورڈز اور درخت اکھڑے پڑے ہیں۔محکمہ موسمیات نے مزید دو روز تک وقفے وقفے سے بارش کے جاری رہنے کی پیشن گوئی کی ہے۔ممبئی کے میونسپل اداروں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور ہسپتالوں میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا۔