شادی سے قبل لڑکی کے ساتھ گاڑی میں ڈیٹ پر پولیس نے پکڑ لیا تھا، یاسر نواز کا انکشاف
یاسر نواز اور ندا یاسر 2002ء میں رشتہ ازدواج میں بندھے تھے اور ان کے تین بچے ہیں-فوٹو : فائل
کراچی: پاکستانی اداکار و ہدایتکار یاسر نواز نے شادی سے قبل لڑکی کے ساتھ ڈیٹ کا ایک دلچسپ واقعہ سنایا ہے۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں بھائیوں کے ہمراہ شرکت کے دوران اداکار نے بتایا کہ سکول کے زمانے میں وہ ایک لڑکی کو کالج یونیفارم میں گاڑی میں بٹھا کر گھوم رہے تھے۔انہوں نے ایک درخت کے نیچے گاڑی روکی اور لڑکی سے باتوں میں مگن ہوگئے، اس دوران پولیس موبائل وہاں پہنچ گئی، جسے دیکھ کر دونوں گھبرا گئے۔
پولیس اہلکاروں نے سوال جواب شروع کیے جس پر یاسر نواز خاصے پریشان ہوگئے جبکہ لڑکی زیادہ پراعتماد تھی۔پولیس اہلکاروں نے انہیں تھانے لے جانے کی کوشش کی جس پر یاسر نواز نے مزاحمت کی اور اپنے والد کو کال کرکے سچ بتادیا اور ان کے والد نے معاملہ ختم کرایا۔
یاد رہے کہ یاسر نواز اور ندا یاسر 2002ء میں رشتہ ازدواج میں بندھے تھے اور ان کے تین بچے ہیں۔