190 ملین پاؤنڈز ریفرنس؛ بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواست پر فیصلہ کل سنایا جائیگا
دوران سماعت بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو جیل سے عدالت کے روبرو پیش کیا گیا-فوٹو: فائل
اسلام آباد: احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، فیصلہ پانچ ستمبر کو سنایا جائے گا، نیب کے آخری گواہ پر جرح بھی کل ہوگی، عدالت نے چئیرمین نیب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست غیر موثر قرار دے دی۔تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے ایک 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت اڈیالہ جیل راولپنڈی میں کی۔ دوران سماعت بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو جیل سے عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل چوہدری ظہیر عباس پیش نہ ہوئے جس کے باعث نیب کے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم پر آج بھی جرح مکمل نہ ہو سکی۔ دوران سماعت بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان ریاض گل نے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواست پر دلائل دیئے۔نیب کے پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی اور امجد پرویز نے بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواست کی مخالفت میں دلائل دیئے، دونوں فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو کہ کل پانچ ستمبر کو سنایا جائے گا۔
بریت کی درخواست پر دلائل دیئے جانے پر عدالت نے چیئرمین نیب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کو غیر مؤثر قرار دے دیا، بریت کی درخواست پر دلائل نہ دیے جانے پر بشریٰ بی بی کے وکیل کی جانب سے نیب کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی تھی، نیب کے آخری گواہ تفتیشی افسر عمر ندیم پر جرح بھی کل ہوگی۔