تین روزہ فری آئی کیمپ کامیابی سے اختتام پذیر، 400 مریضوں کا معائنہ اور 40 مفت آپریشن
ڈوگر ویلفیئر ٹرسٹ کی خدمات سے علاقے کے عوام مستفید، ڈاکٹر خالد ڈوگر کی ٹیم کو خراج تحسین
اسلام آباد (جاگیرنیوز) ڈوگر ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام تین روزہ فری آئی کیمپ اختتام پذیر ہو گیا، جس میں علاقے کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی اور آنکھوں کے مسائل کا مفت علاج حاصل کیا۔ یہ فری آئی کیمپ 15 اکتوبر سے 17 اکتوبر 2024 تک حمزہ ویلفیئر ہسپتال، فضائیہ چوک، پنڈ بیگوال، سملی ڈیم روڈ اسلام آباد میں منعقد کیا گیا۔ اس کا انعقاد چیئرمین قیصر غفار کے تعاون سے ممکن ہوا، جبکہ کیمپ کی میزبانی ایڈووکیٹ طارق محمود نے کی۔ڈوگر ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین سردار جاوید اقبال ڈوگر نے کیمپ کے انتظامات کی نگرانی کی اور معروف آئی سپیشلسٹ کیپٹن (ر) ڈاکٹر خالد ڈوگر اور ان کی ٹیم نے مریضوں کو اعزازی خدمات فراہم کیں۔ تین روز میں 400 مریضوں کا مفت معائنہ کیا گیا جبکہ 40 افراد کے کامیاب فری آپریشن کیے گئے۔علاقے کے عوام نے ڈوگر ویلفیئر ٹرسٹ اور ڈاکٹر خالد ڈوگر کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ چیئرمین سردار جاوید اقبال ڈوگر نے کہا کہ اس کیمپ کے انعقاد سے علاقے کے عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم ہوئیں، جو کہ چیئرمین قیصر غفار اور ایڈووکیٹ طارق محمود کے تعاون سے ممکن ہوا۔
سماجی شخصیات چیئرمین قیصر غفار اور ایڈووکیٹ طارق محمود کا اہم کردار
علاقے کے عوام نے بھی ڈوگر ویلفیئر ٹرسٹ، ڈاکٹر خالد ڈوگر اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے سینکڑوں افراد کی آنکھوں کا کامیاب علاج کیا اور انہیں بینائی سے متعلق مسائل میں ریلیف فراہم کیا۔