گرلز سپورٹس کارنیول ، فٹبال کا گولڈمیڈل آرمی پبلک سکول راولپنڈی نے جیت لیا

تعلیمی بورڈ مردان نے سلور اور اسلام آباد ماڈل کالج ایف سکس ٹو نے برونز میڈل اپنے نام کیا

اسلام آباد (جاگیرنیوز) وفاقی وزارت تعلیم کے زیراہتمام، فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اسلام آباد اور فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اسلام آباد کے اشتراک سے گرلز سپورٹس کارنیول 2024ء میں فٹ بال کا گولڈمیڈل آرمی پبلک سکول (اے پی ایس) راولپنڈی نے جیت لیا، تعلیمی بورڈ مردان نے سلور اور اسلام آباد ماڈل کالج (آئی سی جی) ایف سکس ٹو اسلام آباد نے برونز میڈل اپنے نام کیا۔دریں اثناء، پاکستان میں ایشین فٹ بال کنفیڈریشن (اے ایف سی) کی سند یافتہ کوچ سیدہ روبینہ صداقت فائنل میچ کی ریفری تھیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان لڑکیوں کے لیے میگا ایونٹ میں اپنی مہارت اور ٹیلنٹ دکھانے کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بطور کوچ اور میچ ریفری یہ سمجھتی ہیں کہ نوجوان ٹیلنٹ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے لیے تیار ہے، انہوں نے کہا کہ قدرتی ٹیلنٹ ہی پاکستان کا اچھا مستقبل بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی فٹ بال کھلاڑی کی حیثیت سے میں کئی قومی ایونٹس کی نمائندگی کرتی ہوں لیکن اس گرلز اسپورٹس کارنیول کا انتظام دیکھ کر خوشی ہوئی۔علاوہ ازیں فائنل کے مہمان خصوصی وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین وانی نے سنیئر جوائنٹ سیکرٹری ایجوکیشن وچیئرمین فیڈرل بورڈ سید جنید اخلاق کے ہمراہ جیتنے والی ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے۔فاتح ٹیم کو گولڈمیڈلز اور 15000 روپے، سیکنڈ ٹیم کو سلور میڈلز اور 10000 روپے جبکہ تھرڈ ٹیم کو برونز میڈلز اور 7000 روپے کیش پرائز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر فیڈرل سیکرٹری ایجوکیشن محی الدین وانی نے کہا کہ وفاقی وزارت تعلیم، فیڈرل بورڈ اور ایف ڈی ای کے اشتراک سے منعقدہ گرلز سپورٹس کارنیول میں ملک بھر سے 4000 سے زائد طالبات نے حصہ لیا، گرلز سپورٹس کارنیول کا مقصد سکول سپورٹس کی بحالی اور بچیوں کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب اس کو مستقل سالانہ ایونٹ بنائیں گے اور اس کا دائرہ ملک کے تمام بڑے شہروں تک پھیلائیں گے۔گرلز سپورٹس کارنیول میں اتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باسکٹ بال، فٹ بال، ٹیبل ٹینس، ٹینس اور والی بال کے مقابلے ہوئے۔
آج بروز اتوار میگا ایونٹ کی اختتامی تقریب لیاقت جمنازیم میں منعقد ہوگی جس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ہوں گے۔ان مقابلوں میں ملک بھر سے چار ہزار سے زائد خواتین کھلاڑی مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لے رہی ہیں جن میں ٹریک اینڈ فیلڈ ایونٹس ، باسکٹ بال ، فٹ بال، والی بال، ٹیبل ٹینس ، بیڈ منٹن اور ٹینس شامل ہیں,

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں