تاریخ و ثقافت پر مبنی فلم “راجہ رسالو” کی شاندار رونمائی اسلام آباد میں کی گئی

“راجہ رسالو” کی تخلیق ایک چیلنج تھا، فلم نئے سال کی آمد پر ریلیز کی جائیگی، ہدایتکار فیصل میر

اسلام آبا:(عدنان حمید) پاکستان شوبز کی تاریخ میں ازل سے یہ انفرادیت قائم ہے کہ یہاں ہر گزرتے دور میں فلم، ٹی وی سکرین پر تا ابر انمٹ نقوش چھوڑ دینے والی پُراثر کہانیوں کو موضوع بنایا گیا جنہوں نے بے مثال کامیابی حاصل کر کے دیکھنے والوں کو مثبت تفریح فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ذہنی شعور کو بیدار کیا اور اچھی یادیں بن کر ناظرین کے سینے میں پیوست ہوگئیں۔ انہی کامیابیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہدایتکار فیصل میر نے جدید تقاضوں سے لیس ہزاروں سال پرانے تاریخی کردار راجہ رسالو کی کہانی پر کام کرتے ہوئے پاکستانی فلم انڈسٹری کو تھری ڈی وی ایف ایکس پر مذین فلم بنا کر شوبز کی دنیا کو ایک خوبصورت تحفہ پیش کر رہے ہیں۔تخلیقی صلاحیتوں کے مالک ہدایتکار فیصل میر کی اس فلم کے ایکزیکٹیو پروڈیوسر رائیٹر معراج الدین ہیں۔ فلم “راجہ رسالو” عرفان عرفی اور وقار احمد فانی نے تحریر کی ہے جبکہ کاسٹ میں ارمان علی پاشا، شمین خان، حوریہ انصاری، عدنان شاہ ٹیپو، قہان علی، ایوب کھوسو اور نئیر اعجاز مرکزی کرداروں میں جلوہ گر ہوں گے۔ بھرپور صلاحیتوں کی حامل ٹیم نے اور دیگر تمام اداکاروں نے اس فلم کو بڑی محنت اور باریکی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جبکہ فلم کا میوزک ساجی علی نے ترتیب دیا جبکہ اس فلم کے گیت وقار فانی اور فیصل میر نے لکھے۔

ہدایتکار فیصل میر کی رومانٹک اور ایڈونچر سے آراستہ فلم “راجہ رسالو” کی شوٹنگ مکمل ہوچکی ہے فلم کی ایڈیٹنگ، ڈبنگ اور بیک گراؤنڈ میوزک آخری مراحل میں ہے۔ اس فلم کو راولپنڈی، اسلام آباد اور ایبٹ آباد کے دلفریب مناظر میں فلمایا گیا ہے۔

تاریخ و ثقافت پر مبنی فلم راجہ رسالو کی تقریب رونمائی گزشتہ روز روڈن انکلیو میں منعقد کی گئی، جس میں فلم اور ٹی وی کی نامور شخصیات نے شرکت کی۔ فلم کی مرکزی کاسٹ میں نئیر اعجاز، عدنان شاہ ٹیپو، معراج الدین، مشی خان، عالیہ زاہد، عدنان حمید و دیگر ممتاز چہرے شریک ہوئے اور بڑی سکرین پر پیش ہونے والے چند بصری نمونے دیکھ کر فیصل میر کی تخلیقی صلاحیتوں کا اعتراف کیا۔ اس فلم میں راجہ رسالو کا ٹائٹل رول ارمان علی پاشا نے خوش اسلوبی سے نبھایا۔ شمین خان “رانی کوکلاں” کے کردار میں نظر آرہی ہیں۔ فلم کی کہانی میں گہرائی ع جذبات دیکھنے کو ملتے ہیں۔ اداکار نئیر اعجاز نے “راجہ سرکپ” کا کردار ادا کیا جو اس فلم کا نمایاں کردار ہے۔ نامور ٹی وی سٹار ایوب کھوسو راجہ رسالو کے باپ راجہ سالباھن کا رول پلے کر رہے ہیں۔ قہان علی ایک شیطانی طاقت سے لیس “دیو” کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ عدنان شاہ ٹیپو بھی اہم رول نبھا رہے ہیں۔ اس موقع پر فلم کے ہدایتکار فیصل میر نے کہا کہ “راجہ رسالو” کی تخلیق ایک چیلنج تھا، جس میں حقیقی سیٹس، پراپس، اور قدیم دور کی مناسبت سے مقامات کا انتخاب شامل تھا۔ مگر میری ٹیم کی ان تھک محنت سے یہ ایک بصری شاہکار بن کر سامنے آئیگی جو تاریخ اور فینٹسی کو بخوبی یکجا کرے گی۔فلم “راجہ رسالو” نئے سال کی آمد پر ریلیز کر دی جائے گی۔ فلم کی پروموشن کے سلسلہ میں ہونے والی یہ تقریب روڈن انکلیو کے ہیڈ آفس واقع بحریہ سیون میں ہوئی۔ بعد ازاں، تقریب کے اختتام پر فلم کے ایگزیکٹو پروڈیوسر محمد راشد اور معراج الدین نے تقریب میں شرکت مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس اپنی شرکت سے اس تقریب کو چار چاند لگائے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں